برن ۔ 25 فروری (اے پی پی) سوئٹزرلینڈ کے بین الاقوامی شہرت یافتہ ٹینس سٹار، سابق عالمی نمبر ایک اور 20 مرتبہ کے گرینڈ سلام چیمپئن راجر فیڈرر نے کہا ہے کہ وہ میڈرڈ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں بھرپور شرکت کرینگے۔ میڈرڈ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ رواں برس مئی میں شیڈول ہے جس میں راجر فیڈرر ایکشن میں دکھائی دیں گے۔ یہ ان کا گزشتہ تین برسوں بعد پہلا کلے کورٹ ٹورنامنٹ ہو گا۔ انہوں نے 2016ءمیں اٹالین اوپن کے بعد کسی کلے کورٹ ٹورنامنٹ میں حصہ نہیں لیا جبکہ انہوں نے آخری مرتبہ 2015ءمیں فرنچ اوپن میں شرکت کی تھی۔ فیڈرر نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ میڈرڈ اوپن میں شرکت کیلئے بہت پر جوش ہیں، کوشش ہو گی کہ عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کر کے کلے کورٹ میں جاندار واپسی کروں۔ انہوں نے کہا کہ وہ پر امید ہیں کے وہ ایونٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹائٹل اپنے نام کرینگے۔