اسلام آباد۔4اکتوبر (اے پی پی):صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے میڈیا کو بریسٹ کینسر کے متعلق آگاہی مہم کے حوالے سے خطوط ارسال کر دیئے گئے۔ صدر مملکت نے میڈیا سے کہا ہے کہ وہ خواتین میں چھاتی کے کینسر کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے حکومت اور سول سوسائٹی کی کوششوں کا ساتھ دے تاکہ مکمل معلومات، جلد تشخیص اور بروقت علاج معالجہ کے ذریعے قیمتی انسانی جانوں کو مہلک مرض کا شکار ہونے سے بچایا جاسکے۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان میں خواتین میں کینسر کے 44 فیصد کیسز چھاتی کے کینسر کے ہیں، جلد تشخیص ہونے سے مرض سے نجات پانے کا امکان 98 فیصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے میں ممنوع موضوع ہونے کی وجہ سے خواتین مرض کی جلد تشخیص نہیں کروا پاتی ہیں، جلد تشخیص نہ ہونے کی وجہ سے چھاتی کے کینسر میں مبتلا 50 فیصد خواتین جان سے ہاتھ دھو بیٹھتی ہیں۔
صدر مملکت نے کہا کہ خواتین کو ہر تین ماہ میں ایک مرتبہ اپنا معائنہ خود کرنے کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے، آگاہی نہ ہونا اور پھر ڈاکٹر سے رجوع کرنے میں تاخیر جیسے عوامل چھاتی کے کینسر سے زیادہ شرح اموات کا باعث ہیں، دیر سے تشخیص کی وجہ سے ایک لاکھ میں سے 50 ہزار خواتین فوت ہو جاتی ہیں۔
صدر مملکت نے کہا کہ بیگم ثمینہ علوی اور ان کی ٹیم نے بریسٹ کینسر کے متعلق اکتوبر میں لوگوں کی آگاہی کے لیے مختلف پروگرام ترتیب دیے ہیں، ان پروگراموں میں خود تشخیصی اور مرض کی بروقت تشخیص کی اہمیت کو اجاگر کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا نے گزشتہ سال لوگوں کو بریسٹ کینسر کے بارے تعلیم دینے کے لیے مؤثر آگاہی مہم چلائی ، میڈیا خبروں ، ٹالک شوز، آرٹیکلز، کالمز اور ایڈیٹوریل کے ذریعے اس بارے میں آگاہی پیدا کرنے میں اپنا کردار ادا کرے۔
صدر مملکت نے کہا کہ میڈیا چھاتی کے کینسر کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے حکومت اور سول سوسائٹی کی کوششوں کا ساتھ دے ، میڈیا تنظیمیں بریسٹ کینسر کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے اپنے لوگو کو "گلابی ” رنگ دیں۔ انہوں نے کہا کہ اجتماعی کوششیں خواتین میں بریسٹ کینسر کے متعلق مکمل آگاہی، مرض کی جلد تشخیص اور اس کے باقاعدہ علاج معالجہ کے حوالے سے مددگار ثابت ہوں گی۔