اسلام آباد۔2دسمبر (اے پی پی):پاکستان ڈس ایبلڈ فاؤنڈیشن کے چیئرمین شاہد میمن نے کہا ہے کہ میڈیا ہمیشہ سے خصوصی افراد کے مسائل اجاگر کرنے اور ان کے حقوق دلانے میں اہم کردار ادا کرتا آیا ہے۔ نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں عالمی یومِ معذور کے حوالے سے منعقدہ خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شاہد میمن نے کہا کہ اگرچہ خصوصی خواتین اور بچوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے تاہم اس کے باوجود خصوصی افراد تعلیمی میدان میں نمایاں کارکردگی دکھا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فضائی سفر، ریلوے اور پبلک ٹرانسپورٹ میں خصوصی افراد کے لیے رعایت دی جائے اور بینکنگ سہولیات میں نابینا اور معذور افراد کی مشکلات دور کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔شاہد میمن نے اقوامِ متحدہ کے چارٹرڈ کے مطابق خصوصی افراد کو ڈیوٹی فری گاڑیوں، موٹر سائیکلز اور موبائل فونز کی درآمد میں سہولیات فراہم کرنے پر بھی زور دیا۔ پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) کے صدر افضل بٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی صحافتی برادری خصوصی افراد کے مسائل کے حل کے لیے ہمیشہ متحرک رہی ہے اور آئندہ بھی اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد کے حقوق کی قانون سازی میں میڈیا کی کوششیں قابلِ تعریف ہیں۔نیشنل پریس کلب کی جنرل سیکرٹری نیئر علی نے کہا کہ خصوصی افراد کے لیے ڈیوٹی فری موبائل فونز اور گاڑیوں کی درآمد کے مسائل متعلقہ حکام تک پہنچائے جا چکے ہیں اور اس ضمن میں وزارتِ خزانہ کے ساتھ بات چیت جاری ہے۔تقریب میں مختلف مقررین نے خصوصی افراد کو درپیش چیلنجز پر روشنی ڈالی اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے قانون سازی اور عملی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔