نئی ویزہ پالیسی کی بدولت 126 ممالک سے سیاحوں کے لئے ویزہ فیس ختم اور ویزہ اپروول کو انتہائی سہل بنا دیا گیا ہے، ایم ڈی پی ٹی ڈی سی آفتاب الرحمن رانا

76

اسلام آباد۔21نومبر (اے پی پی):پاکستان ٹوارزم ڈویلپمنٹ کارپوریشن (پی ٹی ڈی سی) کے مینجنگ ڈائریکٹر آفتاب الرحمن رانا نے کہا ہے کہ حکومتی اقدامات کی بدولت سیاحتی سیکٹر فروغ پا رہا ہے ،وفاقی حکومت کی نئی ویزہ پالیسی کی بدولت 126 ممالک سے پاکستان آنے والے سیاحوں کے لئے ویزہ فیس ختم اور ویزہ اپروول کو انتہائی سہل بنا دیا گیا ہے، یہ اقدام پاکستان کے عالمی امیج کو بہتر بنانے اور غیر ملکی سیاحت کو بڑھانے میں مددگار ثابت ہو گا، نئی ویزہ پالیسی سے سکھ یاتریوں کے لئے بھی ویزہ کا حصول بہت آسان ہو گیا ہے، حالیہ دنوں میں تاجکستان نے ڈائریکٹ فلائٹس شروع کی ہیں، ازبکستان اس مہینے کے اواخر میں پروازیں شروع کرنے جا رہا ہے جبکہ آذربائیجان سے بھی ڈائریکٹ پروازوں کا آغاز ہو چکا ہے۔

جمعرات کو اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے نئی ویزہ پالیسی کا اجراء خوش آ ئند ہے، نئی ویزہ پالیسی نے 126 ملکوں کے سیاحوں کے لئے بغیر کسی ویزہ فیس ویزہ کی اپروول کو انتہائی آسان بنا دیا ہے، اب سیاحوں کو آن لائن نظام کے تحت 24 گھنٹوں میں بغیر کسی دشواری کے ویزہ مل جاتا ہے۔ نئی ایزی پالیسی کے اجراء سے کافی بڑی تعداد میں غیر ملکی سیاح پاکستان آ رہے ہیں، امید ہے آنے والے دنوں میں مزید بہتری آئے گی، نئی ویزہ پالیسی سے سکھ یاتریوں کے لئے بھی ویزہ کا حصول بہت آسان ہو گیا ہے، ویزہ پالیسی میں نرمی سے اب سکھ یاتری بھی بڑی تعداد میں پاکستان آ رہے ہیں، اب وہ آسانی سے اسی سکیم کے تحت بغیر کسی ویزہ فیس اور وقت ضائع کیے اپنا ویزہ حاصل کر سکتے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ سیاحوں کے آنے سے روابط اور پیپل ٹو پیپل کانٹیکٹ بڑھتا ہے۔ ٹورازم ڈویلپمنٹ سے عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت تاثر ابھرے گا اور پاکستان کے خوبصورت چہرے کو دنیا بھر میں روشناس کرانے میں مدد ملے گی۔ ایم ڈی پی ٹی ڈی سی نے مزید کہا کہ ہماری بھرپور ثقافت اور تاریخی مقامات، مذہبی مقامات، دلکش وادیاں سیاحت کے لیے نہایت موزوں ہیں، سیاحت کے ذریعے پاکستان دنیا بھر میں اپنے سافٹ امیج کو بڑھانے کی بے پناہ صلاحیتوں کا حامل ہے اور سیاحتی سہولیات میں اضافہ کر کے اس خطے کو بین الاقوامی سیاحت کا مرکز بنایا جا سکتا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ ابھی حالیہ دنوں میں تاجکستان نے ڈائریکٹ فلائٹس شروع کی ہیں، ازبکستان اس مہینے کے اواخر میں فلائٹس شروع کرنے جا رہا ہے، آذربائیجان سے ڈائریکٹ فلائٹس پہلے ہی شروع ہو چکی ہیں، امید ہے اس سے سیاحوں کے سفری اخراجات کم ہوں گے اور وقت کی بچت سے سیاحت کا فروغ ہوگا۔ اگر پی آئی اے اور دیگر ایئرلائنز کی ڈائریکٹ پروازیں پاکستان میں آنا شروع ہو جائیں تو سیاحوں کو ان ڈائریکٹ فلائٹس کے ذریعے جو دشواری آتی ہےوہ آسان ہو جائے گی۔آفتاب الرحمن رانا نے کہا کہ پی ٹی ڈی سی سیاحت سے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا مثبت امیج اجاگر کرنے، پاکستان کی روایات کو دوسرے ممالک کے ساتھ بڑھانے کے لئے پر عزم ہے ۔ پی ٹی ڈی سی کے زیر اہتمام پاکستان کے سیاحتی وفود دوسرے ممالک کے دورے کر رہے ہیں تاکہ وہ وہاں پاکستان کے سافٹ امیج کو بہتر طریقے سے اجاگر کیا جا سکے۔ ابھی حالیہ دنوں میں لندن میں پاکستانی وفود نے انٹرنیشنل مارٹ میں شرکت کی ہے، آوالے دنوں میں بھی ترکیہ، مارچ میں جرمنی اور اس کے بعد نیویارک جائیں گےتاکہ انٹرنیشنل مارکیٹ میں پاکستان کے سافٹ امیج کو پروموٹ کیا جائے۔