نئے اور نوجوان ذہن عملی سیاست اور گورنمنٹ سیکٹر میں آئیں گے تو چیزیں تبدیل ہوں گی، میئر کراچی

162
Murtaza Wahab
Murtaza Wahab

کراچی۔ 24 دسمبر (اے پی پی):میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ ترقی اور بہتری کیلئے باہمی شمولیت کی سوچ ہمارے آئین کے آرٹیکل 25کے مطابق ایسا معاشرہ تشکیل کرسکتی ہے جہاں کسی بھی قسم کی جانبداری کی گنجائش نہ ہو، نئے اور نوجوان ذہن عملی سیاست اور گورنمنٹ سیکٹر میں آئیں گے تو چیزیں تبدیل ہوں گی اور سب کو ساتھ لے کر چلنے کا رجحان فروغ پائے گا، ایڈاریو انکلوسیو یوتھ پارلیمنٹ کا انعقاد کرنے پر منتظمین کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، ایونٹ کے اختتامی سیشن میں شرکت میرے لئے باعث اعزاز ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو ایڈاریو ویلفیئر ایسوسی ایشن کے تحت منعقد ہونے والی پہلی ایڈاریو انکلوسیو یوتھ پارلیمنٹ کے اختتامی سیشن سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایڈاریو ویلفیئر ایسوسی ایشن کی صدر نادرہ پنجوانی، سیکریٹری ڈپارٹمنٹ فارڈیفرینٹلی ایبل پرسنز حکومت سندھ طحہ فاروقی اور دیگر بھی موجود تھے۔

میئر کراچی نے ادارے کو پیشکش کی کہ وہ یوتھ پارلیمنٹ کا اگلا اجلاس بلدیہ عظمی کراچی کے کونسل ہال میں رکھیں، ہم اجلاس کے لئے تمام سہولتیں فراہم کریں گے۔ میئر کراچی نے کہا کہ مختلف صلاحیتوں کے حامل افراد معاشرے کا قابل قدر حصہ ہیں، ایسے لوگ حکومتی شعبے خصوصا بلدیاتی سطح پر پالیسی کی تشکیل اور فیصلہ سازی کے عمل میں حصہ لیں گے تو ہمارے معاشرے میں موجود خرابیاں خود بخود ٹھیک ہونے لگیں گی، ایڈاریو کے تحت یوتھ پارلیمنٹ میں شرکت نوجوانوں کے اندر مرکزی سیاست اور پبلک ڈومین میں حصہ لینے کی خواہش بیدار کرے گی،

آئندہ سال ایڈاریو انکلوسیو یوتھ پارلیمنٹ کو کے ایم سی میں آنے کی دعوت دوں گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ہاں بدقسمتی سے نوجوان گورنمنٹ سیکٹر میں جانے سے گریز کرتے ہیں جب تک آپ سرکاری شعبے میں کام نہیں کریں گے، آپ کو کیسے علم ہوگا کہ پالیسی سازی کیا ہوتی ہے، فیصلے کس طرح لئے جاتے ہیں، سیاست کیا ہے اور بیوروکریسی کیا ہے، ایک سیاسی کارکن کے طور پر میری خواہش ہے کہ آپ لوگ قدم اٹھائیں اور دیکھیں کہ حکومتی نظام کیسے کام کرتا ہے یا کیا وجہ ہے کہ حکومتی نظام کام نہیں کرتا۔

انہوں نے کہا کہ میں نے یہاں مہمانوں کو وہیل چیئر پر آتے اور لوگوں کو انہیں سہارا دیتے دیکھا ہے، میں سمجھتا ہوں کہ ہمارے ہاں بلدیاتی امور میں ان تمام پہلوئوں کا خیال نہیں رکھا جاتا لہذا ان تمام چیزوں کو درست کرنے کے لئے نوجوان اور پرعزم قیادت کی ضرورت ہے،ایک صدی سے زائد عرصے سے معاشرے کے نابینا اور سماعت سے محروم افراد کی خدمت کرنے کے بعد، Ida Rieu ویلفیئر ایسوسی ایشن نے ایک جامع یوتھ پارلیمنٹ شروع کرنے کی پہل کی ہے جو سماجی ترقی اور باہمی اتحاد کا محرک بنے گا اور یوتھ پارلیمنٹ نوجوانوں کو اکٹھا کرنے، رکاوٹوں کو عبور کرنے، امتیازی سلوک کو ختم کرنے اور پاکستان کی ترقی کے لیے مشترکہ وژن کے ساتھ آگے بڑھنے میں ان کی مددگار ہو گی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈاریو ویلفیئر ایسوسی ایشن کی صدر نادرہ پنجوانی نے کہا کہ Ida Rieu کی یوتھ پارلیمنٹ نوجوانوں کی متنوع آوازوں کو متحد کرنا چاہتی ہے تاکہ وہ تمام اختلافات سے بالاتر ہو کر ایک جامع اور مساوی معاشرے کے لیے کام کریں جہاں ہر نوجوان جسمانی چیلنجز سے قطع نظر ایک قابل قدر رکن، ایک باخبر وکیل اور مثبت تبدیلی کا باعث ہو، ہم رکاوٹوں کو توڑنے، تفاوت کو ختم کرنے اور قوم کے نوجوانوں کی ذاتی اور اجتماعی ترقی کے لیے مواقع، وسائل اور پلیٹ فارم تک مساوی رسائی کو یقینی بنانے کی خواہش رکھتے ہیں۔