نئے پودوں کی تیاری کیلئے پی ایچ اے کی ملکیتی نرسریوں کے قیام کا عمل تیز کردیا گیا

102
پی ایچ اے شہریوں اور نوجوانوں کو بہترین تفریحی سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے پر عزم ہے، احمد حسن رانجھا

فیصل آباد۔ 02 جنوری (اے پی پی):فیصل آباد کو خوبصورت بنانے کی غرض سے نئے پودوں کی تیاری کیلئے پی ایچ اے کی ملکیتی نرسریوں کے قیام کا عمل تیز کردیا گیا ہے۔پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی فیصل ۱ٓبادکے ڈائریکٹر جنرل ضمیر حسین نے کہاکہ محکمہ کے افسران خصوصاً فیلڈ سٹاف سے کہا گیا ہے کہ شہر کے ماحولیاتی حسن کوبرقرار رکھنے کیلئے گرین بیلٹس اورچوکوں کی کیاریوں کی دیکھ بھال اورآبیاری میں عدم توجہی اورغفلت کامظاہرہ نہ کیاجائے نیز اس سلسلہ میں پی ایچ اے کی واٹر ٹینکس گاڑیوں سمیت تمام وسائل کو متحرک رکھاجائے۔

انہوں نے کہا کہ پی ایچ اے کے انتظامی وترقیاتی امور میں تعطل کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اورنہ ہی فنڈز کے استعمال کے حوالے سے کوئی عذر قابل قبول ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پی ایچ اے کی گاڑیاں اور عملہ فیلڈ میں فعال نظر آنا چاہیے کیونکہ اس ضمن میں انتظامی کمزوری کے حامل افسران کیخلاف محکمانہ کارروائی میں کوئی رعایت نہیں ہوگی۔انہوں نے شہر کے تمام بڑے پبلک پارکس کی تزئین وآرائش اور تفریحی سہولتوں میں اضافہ کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ ان میں بچوں کی دلچسپی کیلئے عالمی معیار کے جدید جھولے لگائے جائیں۔

انہوں نے تمام پارکس کی سرسبز و شادابی کیلئے منصوبہ سازی کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ پی ایچ اے کے تکنیکی افسران پودوں کی ترتیب اور ڈیزائننگ کو ہارٹیکلچر سائنس کے مطابق جدید اندازدیں۔انہوں نے اربن ٹاؤن کی سطح پر پی ایچ اے کی کارکردگی مزید بہتر بنانے کیلئے فوری طور پر افرادی وسائل فراہم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ گاڑیوں کے محکمانہ استعمال پر نظررکھنے کیلئے ان میں ٹریکرز لگائے جائیں گے۔انہوں نے متعلقہ حکام کو نئے ماحول دوست پودوں کی تیاری کیلئے پی ایچ اے کی ملکیتی نرسریوں کے قیام میں تیز رفتار پیش رفت کی مسلسل مانیٹرنگ کی بھی ہدایت کی۔