نئے چیف جسٹس کا نوٹیفکیشن ہمیشہ تقرری سے ایک یا دو دن پہلے جاری کیا جاتا ہے،وفاقی وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ

136
Federal Minister of Law and Justice
Federal Minister of Law and Justice

اسلام آباد۔12اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ نئے چیف جسٹس کا نوٹیفکیشن ہمیشہ تقرری سے ایک یا دو دن پہلے جاری کیا جاتا ہے۔

ہفتہ کومیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت 24 اکتوبر کو نوٹیفکیشن جاری کرےگی کہ نئے چیف جسٹس نے کس مقام پر حلف اٹھانا ہے۔انہوں نے کہا کہ نئے چیف جسٹس کا نوٹیفکیشن ہمیشہ تقرری سے ایک یا دو دن پہلے جاری کیا جاتا ہے تاہم نگران حکومت کی آمد کے پیش نظر موجودہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی تقرری کا نوٹیفکیشن تھوڑا پہلے جاری کیا گیا تھا۔

اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ پارلیمانی باڈی کی ذیلی کمیٹی میں قانونی ماہرین پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ آئینی ترمیم 25 اکتوبر کے بعد اور دو ماہ بعد بھی لائی جا سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ کمیٹی میں چار سے پانچ نکات پر بات چیت جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں ججوں کی تقرری کبھی گورنر جنرل، کبھی صدر اور کبھی مارشل ایڈمنسٹریٹر کرتے تھے۔انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ میں ججوں کی تقرری کا اختیار صدر کے پاس ہے۔