اسلام آباد۔22اکتوبر (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیرِ صدارت نقد آور فصلوں سے متعلق کابینہ کمیٹی کے اجلاس میں کپاس کی پیداوار کو درپیش چیلنجز سمیت اہم فصلوں کی مجموعی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ بدھ کو دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین، وزیراعظم کے معاونِ خصوصی طارق …
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی زیرِ صدارت نقد آور فصلوں سے متعلق کابینہ کمیٹی کا اجلاس ، کپاس کی پیداوار کو درپیش چیلنجز سمیت اہم فصلوں کی مجموعی صورتحال کا تفصیلی جائزہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔22اکتوبر (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیرِ صدارت نقد آور فصلوں سے متعلق کابینہ کمیٹی کے اجلاس میں کپاس کی پیداوار کو درپیش چیلنجز سمیت اہم فصلوں کی مجموعی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
بدھ کو دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین، وزیراعظم کے معاونِ خصوصی طارق باجوہ، سیکرٹری برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق سمیت آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپٹما)، کپاس کے کاشتکاروں اور جنرز کے نمائندوں نے بھی شرکت کی ۔شرکاء نے کپاس کی پیداوار میں اضافے، سپلائی چین کی بہتری اور تحقیقی عمل کو مضبوط بنانے کے اقدامات پر غور کیا۔
اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ پاکستان سینٹرل کاٹن کمیٹی (پی سی سی سی ) میں اپٹما اور دیگر نجی شعبے کے نمائندوں کی شمولیت کو بڑھایا جائے تاکہ عوامی و نجی شعبوں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری کے ذریعے کپاس کے شعبے کی پائیدار ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔
نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ نے وزارتِ قومی غذائی تحفظ و تحقیق کو ہدایت کی کہ وہ تمام متعلقہ فریقین کے ساتھ قریبی رابطے میں رہتے ہوئے مجوزہ اصلاحات پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنائے تاکہ کپاس سمیت دیگر اہم فصلوں کی پیداوار میں اضافہ اور زرعی ترقی کو فروغ دیا جا سکے۔








