اسلام آباد۔20جون (اے پی پی):نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے پاکستان سٹیل ملز کے مقام پر کراچی انڈسٹریل پارک کے قیام کی تجاویز کا جائزہ لینے کے لئےقائم کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی۔ جمعہ کو نائب وزیر اعظم کے آفس سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں نیشنل فوڈ سکیورٹی کے وزیر، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ کے علاوہ سپیشل انویسٹمنٹ فیسلی ٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی)، وزارت صنعت اور بورڈ آف انوسٹمنٹ کے سینئر حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں سائٹ کو ایک جدید صنعتی مرکز میں تبدیل کرنے پر غور کیا گیا۔ نائب وزیراعظم نے صنعتی پارکس کے قیام پر کام تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لئے انہیں بین الاقوامی معیار کے مطابق بنانے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے برآمدات پر مرکوز صنعتی ترقی کو فروغ دینے اور ملک بھر میں کاروبار کے لئے سازگار ماحول کو فروغ دینے کے حکومت کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔