نائب وزیراعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے عہدے کی امیدوار ایکواڈور کی سابق وزیرِ خارجہ کی ملاقات

نائب وزیراعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے عہدے کی امیدوار ایکواڈور کی سابق وزیرِ خارجہ کی ملاقات

اسلام آباد۔6جولائی (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے عہدے کی امیدوار ایکواڈور کی سابق وزیرِ خارجہ ماریا فرنانڈا ایسپینوسا نے پیر کو ملاقات کی۔ملاقات کے دوران نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ نے ایسپینوسا کا خیرمقدم کرتے ہوئے کثیرالجہتی تعاون کے فروغ اور عالمی امور میں اقوامِ متحدہ کے مرکزی کردار کو مزید مضبوط بنانے کے لئے پاکستان کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا۔

پیر کو دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے امید ظاہر کی کہ اقوامِ متحدہ کے آئندہ سیکرٹری جنرل ادارے میں انتہائی ضروری اصلاحات متعارف کرائیں گے اور سلامتی کونسل کی دیرینہ قراردادوں بالخصوص فلسطین اور جموں و کشمیر سے متعلق قراردادوں پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنائیں گے جو مشرقِ وسطیٰ اور جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لئے نہایت اہم ہیں۔

نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ پاکستان اقوامِ متحدہ کے منشور کے مقاصد اور اصولوں کے فروغ، بین الاقوامی قانون اور معاہدات کے احترام نیز عالمی امن، استحکام اور خوشحالی کے لئے فعال بین الاقوامی تعاون کو آگے بڑھانے کے لئے اپنا کردار جاری رکھے گا۔