نائب وزیراعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار عالمی مصنوعی ذہانت تعاون تنظیم کے قیام کی دستخطی تقریب میں شرکت کے لیے چین کا دورہ کریں گے

"نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار 16 سے 17 جولائی تک چینی وزیر خارجہ وانگ ای کی دعوت پر شنگھائی کا دورہ کریں گے، جہاں دوطرفہ تعلقات، علاقائی تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت متوقع ہے۔”

اسلام آباد۔15جولائی (اے پی پی):نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار عوامی جمہوریہ چین کے وزیر خارجہ وانگ ای کی دعوت پر 16 سے 17 جولائی تک وفد کے ہمراہ شنگھائی (چین) کا دورہ کریں گے۔

بدھ کو دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم 16 جولائی کو عالمی مصنوعی ذہانت تعاون تنظیم کے قیام کی دستخطی تقریب میں شرکت کریں گے اور پاکستان کی جانب سے بانی رکن کی حیثیت سے معاہدے پر دستخط کریں گے۔ وہ 17 جولائی کو عالمی مصنوعی ذہانت کانفرنس کی افتتاحی تقریب اور عالمی مصنوعی ذہانت کی عالمی حکمرانی سے متعلق اعلیٰ سطح کے اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔ کانفرنس کے موقع پر نائب وزیراعظم چین کے وزیر خارجہ وانگ ای سے دوطرفہ ملاقات کریں گے جبکہ دیگر ہم منصبوں سے بھی باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کے لیے ملاقاتیں کریں گے۔ اپنی مختلف مصروفیات کے دوران نائب وزیراعظم مصنوعی ذہانت کے شعبے میں بین الاقوامی تعاون کے فروغ کے حوالے سے پاکستان کا موقف پیش کریں گے جس میں بالخصوص گلوبل سائوتھ کی ترجیحات اور ترقیاتی ضروریات پر زور دیا جائے گا۔ وہ مصنوعی ذہانت کے عالمی تفاوت کو کم کرنے مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجیز تک منصفانہ رسائی کو فروغ دینے، استعداد کار میں اضافے اور اس امر کو یقینی بنانے کی اہمیت اجاگر کریں گے کہ مصنوعی ذہانت کے فوائد پائیدار ترقی اور سب کے لیے مشترکہ خوشحالی کے فروغ میں موثر کردار ادا کریں۔