نائب وزیراعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت ملک میں گندم کے ذخائر کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس

نائب وزیراعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت ملک میں گندم کے ذخائر کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس

اسلام آباد۔3ستمبر (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ملک میں گندم کے ذخائر کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے جمعرات کو یہاں ایک اجلاس کی صدارت کی۔نائب وزیراعظم کے آفس سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیراعظم نے گندم کی درآمد سے متعلق امور کے حل، قیمتوں میں استحکام اور ذخیرہ اندوزی کی روک تھام کے لیے تمام صوبوں، وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق اور وزارت تجارت کی جانب سے تعاون اور باہمی رابطہ کو سراہا۔

انہوں نے پاسکو کو ہدایت کی کہ ای سی سی اور سٹیئرنگ کمیٹی کے منظور کردہ کوٹے کے مطابق صوبوں کو فوری طور پر گندم فراہم کی جائے۔ انہوں نے صوبوں کو بھی ہدایت کی کہ گندم کی بروقت ادائیگی کریں اور اپنا حصہ وقت پر اٹھائیں۔ اجلاس میں ایک ملین میٹرک ٹن تک گندم درآمد کرنے کے فیصلے کا اعادہ کیا گیا جس کے لیے ٹی سی پی کو فوری طور پر عملدرآمد شروع کرنے کی ہدایت کی گئی۔

پہلے مرحلے میں 250,000 میٹرک ٹن گندم درآمد کی جائے گی جس کی ترسیل نومبر میں مقرر کی گئی ہے۔ نائب وزیراعظم نے کہا کہ تمام متعلقہ ادارے قریبی رابطہ کے ساتھ کام جاری رکھیں تاکہ ملک بھر میں گندم کی وافر دستیابی، قیمتوں میں استحکام اور صارفین کو ریلیف یقینی بنایا جاسکے۔

اجلاس میں وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق، وفاقی وزیر تجارت، وزیراعظم کےمعاون خصوصی طارق باجوہ، سیکرٹری تجارت اور قومی غذائی تحفظ و تحقیق، صوبائی حکومتوں کے نمائندگان اور وفاقی و صوبائی حکومتوں کے سینئر افسران نے شرکت کی۔