اسلام آباد۔28نومبر (اے پی پی):نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے جمعہ کو منعقد ہونے والے ای سی او وزراء کونسل کے 29 ویں اجلاس میں ورچوئل شرکت کی۔ نائب وزیراعظم نے اپنے خطاب میں قازقستان کے وزیر خارجہ یرمیک کوشربایف کو ای سی او وزراء کونسل کے اجلاس کی کامیابی سے میزبانی پر مبارکباد دی۔ انہوں نے اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی …
نائب وزیراعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی ای سی او وزراء کونسل کے 29 ویں اجلاس میں ورچوئل شرکت

مزید خبریں
اسلام آباد۔28نومبر (اے پی پی):نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے جمعہ کو منعقد ہونے والے ای سی او وزراء کونسل کے 29 ویں اجلاس میں ورچوئل شرکت کی۔ نائب وزیراعظم نے اپنے خطاب میں قازقستان کے وزیر خارجہ یرمیک کوشربایف کو ای سی او وزراء کونسل کے اجلاس کی کامیابی سے میزبانی پر مبارکباد دی۔ انہوں نے اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی اور ای سی او کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر اسد مجید خان کی ای سی او ایجنڈے کو آگے بڑھانے میں ان کی قیادت کے تعاون کو بھی سراہا۔
دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیر اعظم نے علاقائی تعاون کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے خوشحالی، اقتصادی انضمام اور روابط کو فروغ دینے میں ای سی او کے اہم کردار کا ذکر کرتے ہوئے ای سی او وژن 2025 کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور ای سی او وزراءکونسل کے آئندہ چیئرمین کے طور پر پاکستان کے ای سی او وژن 2026-2035 کو حتمی شکل دینے میں رکن ممالک کے ساتھ مل کر کام کرنے کے ارادے کا اظہار کیا۔
نائب وزیر اعظم نے ملٹی موڈل ٹرانسپورٹ کوریڈورز کو مضبوط بنانے، کسٹم فریم ورک کو ہم آہنگ کرنے اور بلا رکاوٹ علاقائی انضمام کے لیے ٹرانسپورٹ کے نظام کو ہم آہنگ کرنے کے لیے پاکستان کی ترجیح پر زور دیا۔ انہوں نے اسلام آباد۔ تہران۔ استنبول ریل کوریڈور، یوریشین ملٹی موڈل کوریڈور اور وسطی ایشیا کو افغانستان کے راستے پاکستان سے ملانے والے ریلوے کے نئے اقدامات سمیت اہم علاقائی رابطوں کے منصوبوں کو مکمل طور پر فعال کرنے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے اکتوبر 2025ء میں اسلام آباد میں منعقدہ کامیاب علاقائی ٹرانسپورٹ وزراء کی کانفرنس کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سڑک، ریل، میری ٹائم اور ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی میں علاقائی ٹرانسپورٹ تعاون کو فعال طور پر تشکیل دے رہا ہے۔ انہوں نے پاکستان کی آزادانہ ویزا پالیسی پر بھی روشنی ڈالی جس سے 126 ممالک کے تاجروں اور سیاحوں کے لیے آسان رسائی ممکن ہے۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ رکن ممالک کو پائیدار نقل و حمل، ٹرانزٹ ٹریڈ، کسٹم ہم آہنگی اور موسمیاتی ریلیزینس انفراسٹرکچر میں تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کوششوں پر زور دیا جس سے علاقائی اقتصادی ترقی کو خطرہ ہے۔
انہوں نے لاہور کو ای سی او ٹورازم کیپٹل 2027 کے طور پر نامزد کرنے پر رکن ممالک کا شکریہ ادا کیا اورای سی او ممبران کو اگلے سال پاکستان میں ہونے والے 30 ویں ای سی او وزراءکونسل کے اجلاس میں شرکت کی دعوت دی۔








