اسلام آباد۔28اگست (اے پی پی):نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ اشیائے ضروریہ کی سہل رسد کو یقینی بنائیں اور بنیادی اشیاء کی بلا روک ٹوک دستیابی کے ساتھ انہیں عام آدمی کی پہنچ میں رکھیں۔ نائب وزیراعظم کے دفتر سے جمعرات کو جاری بیان کے مطابق یہ ہدایت نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے اپنی زیر صدارت ملک بھر میں اشیائے ضروریہ کی دستیابی اور قیمتوں کے حوالے سے ایک اہم جائزہ اجلاس کے دوران جاری کی۔ اجلاس میں وفاقی وزراء برائے خوراک اور اقتصادی امور، وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ، وفاقی سیکرٹریز خوراک، تجارت و صنعت کے علاوہ صوبائی محکموں کے سینئر نمائندوں نے شرکت کی۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے حکام کو ہدایت کی کہ وہ اشیائے ضروریہ کی سہل رسد کو یقینی بنائیں اور بنیادی خوراک کی اشیاء کی بلا روک ٹوک دستیابی کو عام آدمی کی پہنچ میں رکھیں۔ انہوں نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان مضبوط ہم آہنگی، بہتر مارکیٹ نگرانی، ذخیرہ اندوزی اور اجارہ داری کے خلاف سخت کارروائی کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت صارفین اور کسانوں دونوں کے مفادات کے تحفظ کے لئے پرعزم ہے۔