نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے منیلا میں 33ویں آسیان ریجنل فورم کے وزارتی اجلاس کے موقع پر یورپی یونین کی اعلیٰ نمائندہ برائے خارجہ امور و سلامتی پالیسی اور یورپی کمیشن کی نائب صدر کاجا کالاس سے ملاقات کی۔
نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار کی منیلا میں یورپی یونین کی اعلیٰ نمائندہ برائے خارجہ امور اور سلامتی پالیسی کاجا کالاس سے ملاقات

مزید خبریں
منیلا۔22جولائی (اے پی پی):نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے منیلا میں 33ویں آسیان ریجنل فورم کے وزارتی اجلاس کے موقع پر یورپی یونین کی اعلیٰ نمائندہ برائے خارجہ امور و سلامتی پالیسی اور یورپی کمیشن کی نائب صدر کاجا کالاس سے ملاقات کی۔ بدھ کو دفتر خارجہ کے مطابق کاجا کالاس نے پاکستان-یورپی یونین سٹریٹجک ڈائیلاگ کے آٹھویں دور کے سلسلے میں اپنے حالیہ دوطرفہ دورہ اسلام آباد کا ذکر کیا۔ دونوں رہنمائوں نے پاکستان-یورپی یونین سٹریٹجک انگیجمنٹ پلان کے تحت تعاون کو مزید فروغ دینے کے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔
علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے دونوں رہنمائوں نے کہا کہ امریکا-ایران صورتحال کے تناظر میں امن و استحکام کے لیے مستقل سفارت کاری ہی واحد قابل عمل اور دیرپا راستہ ہے۔ انہوں نے اس صورتحال کے علاقائی سلامتی، عالمی توانائی کی منڈیوں، بحری سلامتی، تجارت اور سپلائی چینز پر وسیع تر اثرات پر بھی تبادلہ خیال کیا اور مسلسل بات چیت کے فروغ اور بین الاقوامی قانون کی پاسداری کی اہمیت پر زور دیا۔ نائب وزیراعظم نے جی ایس پی پلس فریم ورک کی بنیاد بننے والے تمام بین الاقوامی کنونشنز پر موثر عملدرآمد کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان یورپی یونین کے ساتھ اپنی اقتصادی شراکت داری کو نہایت اہمیت دیتا ہے۔








