اسلام آباد۔12اگست (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت حکومتی کارکردگی کو بہتر بنانے سے متعلق کمیٹی کے اجلاس میں ایسے گورننس ماڈل کا جائزہ لیا گیا جو واضح اور معروضی کارکردگی کے معیار کے ساتھ شفاف، میرٹ پر مبنی اور تکنیکی طور پر کار فرما ہو جس کا مقصد ایک ایسے نظام کا قیام ہے جو نتائج پر مبنی، جوابدہ اور عوامی ضروریات کی فراہمی کا ذمہ دار ہو۔
نائب وزیراعظم آفس کے پریس ونگ کے مطابق اجلاس کے دوران حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے عوامی خدمات کی بہتری اور فروغ کے لیے ادارہ جاتی کارکردگی، تشخیصی طریقہ کار اور ٹھوس نتائج کی فراہمی کی اہمیت پر زور دیا۔اجلاس میں اقتصادی امور اور پٹرولیم کے وزراء نے شرکت کی جبکہ وزیر اعظم کے مشیر برائے صنعت و پیداوار، گورننس اور نجکاری، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ، کابینہ اور اقتصادی امور کے وفاقی سیکرٹریز اور متعلقہ محکموں کے دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔