اسلام آباد۔29اگست (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے بین الحکومتی کمرشل ٹرانزیکشنز کے اجلاس میں کراچی پورٹ تا پیپری سٹیشن ریل راہداری معاہدے کی منظوری دے دی گئی ۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے جمعہ کو کابینہ کمیٹی برائے بین الحکومتی کمرشل ٹرانزیکشنز کے اجلاس کی صدارت کی جس میں کراچی پورٹ کو پیپری سٹیشن سے ملانے والے ریل راہداری کے پہلے مرحلے کے تجارتی معاہدے پر دوبارہ غور کرتے ہوئے منظوری دے دی گئی۔
نائب وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں وزیر مملکت برائے ریلوے بلال اظہر کیانی، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے مالیات طارق باجوہ، سیکرٹری کابینہ، سیکرٹری ریلوے اور سیکرٹری نجکاری نے شرکت کی۔ کمیٹی نے اس معاہدے کی منظوری دے دی کیونکہ اس کوریڈور کی تعمیر سے کراچی بندرگاہ پر ہونے والے رش میں کمی آئے گی۔ نائب وزیراعظم نے زور دیا کہ پاکستان نے اپنے علاقائی شراکت داروں جو پاکستان کے ساتھ تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مضبوط کرنے کے خواہشمند ہیں، کے ساتھ تعلقات اور مصروفیات کو ازسرنو جائزہ لیا ہے ۔