نائب وزیرِ اعظم کی زیرِ صدارت حکومتی کارکردگی میں بہتری سے متعلق کمیٹی کا اجلاس، منظور کردہ سفارشات وزیراعظم کو پیش کی جائیں گی

حکومتی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے اصلاحاتی سفارشات کو حتمی شکل دے دی گئی۔ نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیرِ صدارت حکومتی کارکردگی میں بہتری سے متعلق کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں سرکاری نظام کو مزید مؤثر اور جدید بنانے کے لیے اصلاحاتی تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔

اسلام آباد۔10جولائی (اے پی پی):حکومتی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے اصلاحاتی سفارشات کو حتمی شکل دے دی گئی۔ نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیرِ صدارت حکومتی کارکردگی میں بہتری سے متعلق کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں سرکاری نظام کو مزید مؤثر اور جدید بنانے کے لیے اصلاحاتی تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔ جمعہ کو دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں پانچ ذیلی ورکنگ گروپس کی جانب سے پیش کی گئی سفارشات پر تفصیلی غور کیا گیا اور انہیں حتمی شکل دے دی گئی۔ ان تجاویز میں وفاقی سیکریٹریٹ کی تنظیمِ نو، ای آفس کو جدید فیصلہ سازی کے نظام میں تبدیل کرنا، ایم ایس ونگ میں اصلاحات، کارکردگی جائزہ رپورٹ کے نظام کو بہتر بنانا اور تمام حکومتی اداروں کے درمیان مربوط حکمتِ عملی کو فروغ دینا شامل ہے۔کمیٹی کی منظور کردہ سفارشات مزید غور اور منظوری کے لیے وزیراعظم کو پیش کی جائیں گی۔ اجلاس میں پٹرولیم اور آئی ٹی و ٹیلی کام کے وفاقی وزرا ، وزیراعظم کے معاونِ خصوصی طارق باجوہ، کابینہ، اسٹیبلشمنٹ، اقتصادی اموراور ٹیلی کام کے وفاقی سیکرٹریز اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔