متحدہ عرب امارات کی فیڈرل نیشنل کونسل (FNC) کی دفاع، داخلہ اور خارجہ امور کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر علی راشد النعیمی نے ملائیشیا کی پارلیمنٹ کی سکیورٹی سے متعلق خصوصی منتخب کمیٹی کے چیئرمین داتوک جوناتھن بن یاسین سے ملاقات میں پارلیمانی تعاون کے فروغ کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا
ملائیشیا اور متحدہ عرب امارات کے رہنمائوں کی ملاقات ، پارلیمانی تعاون ، سفارت کاری کے فروغ پر تبادلہ خیال

مزید خبریں
کوالالمپور۔10جولائی (اے پی پی):متحدہ عرب امارات کی فیڈرل نیشنل کونسل (FNC) کی دفاع، داخلہ اور خارجہ امور کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر علی راشد النعیمی نے ملائیشیا کی پارلیمنٹ کی سکیورٹی سے متعلق خصوصی منتخب کمیٹی کے چیئرمین داتوک جوناتھن بن یاسین سے ملاقات میں پارلیمانی تعاون کے فروغ کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔اماراتی نیو ز ایجنسی وام کے مطابق ملاقات میں ملائیشیا میں متحدہ عرب امارات کے سفیر ڈاکٹر مبارک سعید الدہری بھی موجود تھے۔ اس موقع پر دونوں پارلیمانوں کے درمیان رابطوں اور تعاون کو مضبوط بنانے، پارلیمانی و قانون سازی کے شعبوں میں تجربات کے تبادلے اور باہمی دلچسپی کے امور پر تعاون بڑھانے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔
ملاقات کے دوران ایشیا کی صورتحال اور مختلف علاقائی و بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں فریقین نے اس بات پر زور دیا کہ متحدہ عرب امارات اور ملائیشیا کے درمیان مضبوط سٹریٹجک تعلقات پارلیمانی تعاون کو مزید فروغ دینے اور خطے میں امن و استحکام کی حمایت کے لیے ایک مضبوط بنیاد فراہم کرتے ہیں۔دونوں رہنماؤں نے تیزی سے بدلتے ہوئے عالمی حالات کے تناظر میں مشترکہ پارلیمانی اقدامات کو مضبوط بنانے اور دہشت گردی و انتہاپسندی کے خلاف کوششوں، نفرت انگیز تقاریر کی روک تھام اور اعتدال و مکالمے کے فروغ میں پارلیمانی سفارت کاری کے کردار کو مزید موثر بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔







