شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن نے ملک کی فوج کو جدید خطوط پر استوار کرنے پر زور دیتے ہوئے اپنی جوہری فورسز کی صلاحیت کو تعداد اور معیار دونوں لحاظ سے مزید مضبوط بنانے کے اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے
شمالی کوریا کا جوہری فورسز کی صلاحیت کو تعداد اور معیار کے لحاظ سے مزید مضبوط بنانے کا فیصلہ

مزید خبریں
پیانگ یانگ۔10جولائی (اے پی پی):شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن نے ملک کی فوج کو جدید خطوط پر استوار کرنے پر زور دیتے ہوئے اپنی جوہری فورسز کی صلاحیت کو تعداد اور معیار دونوں لحاظ سے مزید مضبوط بنانے کے اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق گزشتہ روز شمالی کوریا کے رہنما نے حکمران جماعت ورکرز پارٹی کے مرکزی فوجی کمیشن کے اجلاس میں کہا کہ شمالی کوریا کی سلامتی اور حقیقی امن صرف اسی صورت میں یقینی بنایا جا سکتا ہے جب ملک کے پاس ایسی طاقتور فوج ہو جو ہر قسم کے خطرات کا موثر طور پر مقابلہ کر سکے۔
اجلاس میں جنگی نظاموں کے تکنیکی ڈھانچے کو جدید بنانے، جوہری افواج کو وسعت دینے اور مزید مضبوط کرنے جبکہ فوجی اڈوں کو معیاری اور جدید بنانے کے منصوبوں پر غور کیا گیا۔ اس کے علاوہ، اجلاس میں شمالی کوریا کی فوجی انٹیلی جنس ایجنسی ریکنیسنس جنرل بیورو کے کردار کو وسعت دینے پر بھی بات کی گئی تاکہ نگرانی، جاسوسی اور انٹیلی جنس معلومات جمع کرنے کی صلاحیت کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔ اجلاس میں جدید بحری اڈوں کی تعمیر اور شپ یارڈز کی صلاحیت کو بڑھانے کے منصوبوں پر بھی غور کیا گیا، جو اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ شمالی کوریا اپنی بحریہ کے کردار اور اہمیت میں بڑی تبدیلی لانا چاہتا ہے۔








