نائب وزیر اعظم محمد اسحاق ڈار کی دولت مشترکہ کے وزرائے خارجہ امور کے اجلاس میں شرکت، جامع اور مساوی ترقی کو آگے بڑھانے کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کااظہار

167

اسلام آباد۔24اکتوبر (اے پی پی):نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے دولت مشترکہ کے سربراہان حکومت کے اجلاس سے قبل دولت مشترکہ کے وزرائے خارجہ امور کے اجلاس میں شرکت کی ۔

دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے جمعرات کو یہاں پریس بریفنگ میں کہا کہ نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ نے وزارتی اجلاس میں دولت مشترکہ کے بنیادی اصولوں، خاص طور پر لچکدار معاشروں کو فروغ دینے اور جامع اور مساوی ترقی کو آگے بڑھانے کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے دولت مشترکہ کی ترقی پسند ترجیحات ”صنفی مساوات اور انٹرجنریشنل ڈائیلاگ“ کو پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کے لیے پاکستان کی لگن کے ساتھ اجاگر کیا۔

ترجمان نے کہا کہ نائب وزیر اعظم نے ایسے معاشروں کی تعمیر میں دولت مشترکہ کے ممالک کے درمیان تعاون کی اہمیت پر زور دیا جو عالمی چیلنجز کا مقابلہ اور ان سے ہم آہنگ ہوسکیں۔ انہوں نے موسمیاتی موافقت اور آفات سے نمٹنے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور ڈیزاسٹر ریسپانس کوآرڈینیشن کو بڑھانے اور ملک بھر میں ماحولیاتی تحفظ کے منصوبوں پر عمل درآمد کے لیے اپنی کوششوں کا خاکہ پیش کیا۔

محمد اسحاق ڈار نے مشترکہ چیلنجز کا مضبوط حل تیار کرنے کے لیے رکن ممالک کے ساتھ کام کرنے میں دولت مشترکہ کے لیے پاکستان کی مکمل حمایت کا بھی اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ نائب وزیر اعظم محمد اسحاق ڈار نے ساموا میں ساموا کی وزیر اعظم فیام نومی مطاف، سنگاپور کے وزیر خارجہ ڈاکٹر ویوین بالاکرشنن، روانڈا کے وزیر خارجہ اولیور جے پی ندو ہونگیرے ، جنوبی افریقہ کی نائب وزیر خارجہ اینا تھانڈی موراکا، سینٹ کٹس اینڈ نیوس کے وزیر خارجہ، ٹوگو کے وزیر تجارت اور دولت مشترکہ کی سیکرٹری جنرل پیٹریسیا سکاٹ لینڈ سے ملاقاتیں کی ہیں۔