نائب وزیر اعظم کی بنگلہ دیش کے مشیر برائے خارجہ سے ملاقات ،باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو بڑھانے پر اتفاق

102
Deputy Prime Minister
Deputy Prime Minister

اسلام آباد۔8مارچ (اے پی پی):نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ، سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے جدہ میں او آئی سی کے کونسل آف فارن منسٹرز کے غیر معمولی اجلاس کے موقع پر بنگلہ دیش کی عوامی جمہوریہ کے مشیر برائے خارجہ، محمد توحید حسین کے ساتھ دوطرفہ ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو بڑھانے پر اتفاق کیا۔ دفتر خارجہ کی طرف سے ہفتہ کو جاری بیان کے مطابق یہ ملاقات دونوں شخصیات کے درمیان پانچ ماہ سے بھی کم عرصے میں دوسری ملاقات ہے۔

ملاقات دوستانہ ماحول میں ہوئی، جس میں دونوں اطراف سے بھائی چارے کے جذبات کا اظہار کیا گیا۔ دونوں شخصیات نے دوطرفہ تعلقات میں بہتری پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو بڑھانے پر اتفاق کیا۔ نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ نے دونوں ممالک کے درمیان تاریخی، مذہبی اور ثقافتی روابط کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کو بڑھانے، خاص طور پر تجارت اور عوام سے عوام کے تعلقات کے شعبوں میں تعاون کا خواہاں ہے۔