واشنگٹن۔16اپریل (اے پی پی):امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حامی ہالی و ڈ ادا کار میل گبسن نے نائن الیون حملوں کو امریکی تاریخ کا سب سے بڑا سکینڈل قرار دیتے ہوئے حکومت سے اس حوالے سے حقائق سامنے لانے کا مطالبہ کیا ہے۔ آسٹریلوی نژاد میل گبسن نے امریکی کانگریس کے سابق رکن کرٹ ویلڈن کے صحافی ٹکر کارلسن کو دیئے گئے انٹرویو کا ایک کلپ بھی شیئر کیا اور ایکس پر اپنی پوسٹ میں لکھا کہ تقریباً 25 سال قبل رونما ہونے والا یہ واقعہ امریکی تاریخ کا سب سے بڑا اسکینڈل ہو سکتا ہے۔
بعد میں سامنے آنے والے بیانات کے مطابق 11 ستمبر 2001 کو القاعدہ کے دہشت گردوں نے چار مسافر بردار ہوائی جہازوں کو ہائی جیک کیا اور ان میں سے دو کو مین ہیٹن میں ورلڈ ٹریڈ سینٹر کی دو فلک بوس عمارتوں سے ٹکرا دیا۔ تیسرا طیارہ پینٹاگون کی عمارت سے ٹکرا یا گیا اور چوتھا پینسلوینیا کے میدان میں گر کر تباہ ہوا ۔ ان واقعات میں مجموعی طور پر تقریباً 3 ہزارلوگ مارے گئے
میل گبسن نے اپنی پوسٹ میں لکھا ہے کہ ایسا لگتا ہے کہ مذکورہ تین عمارتوں کو گرانے کی باقاعدہ منصوبہ بندی کی گئی تھی۔ انہوں نے اس بات پر خاص طور سے زور دیا کہ اس دن دو نہیں تین عمارتیں گری تھیں۔ انہوں سے سوال اٹھایا کہ آج تک کسی نے بھی یہ نہیں بتایا کہ بلڈنگ 7 سے کوئی طیارہ نہیں ٹکرایا اس کے باوجود وہ کیسے گر گئی۔میل گبسن نے کہا کہ ٹون ٹاورز کو اس طرح تعمیر کیا گیا تھا کہ ہوائی جہاز ٹکرانے کے باوجود ان کو گرنا نہیں چاہیے تھا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کسی کو اس بارے بات کرنے کی اجازت کیوں نہیں دی گئی کہ اس دن واقعی کیا ہوا تھا۔میل گبسن نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ 9/11 کے بارے میں سچ بتایا جائے اور تاریخ کو درست اور ہم سب کو حقیقت سے آگاہ کیا جائے۔
نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف سٹینڈرڈز اینڈ ٹیکنالوجی کے مطابق عمارت 7 طیارے سے ٹکرانے والے ٹاورز میں سے ایک کے ملبے سے لگنے والی آگ کی وجہ سے گر گئی۔ واضح رہے کہ اپنے انٹرویو میں امریکی کانگریس کے سابق رکن کرٹ ویلڈن نے سازشی تھیوری تیار کرنے کےاپنے اوپر لگائے گئے الزام کو مسترد کر دیا اور دعویٰ کیا کہ خفیہ ایجنسیوں کے اہلکاروں کو باقاعدہ کورس کرائے جاتے ہیں کہ کچھ لوگوں کو سازشی نظریے گھڑنے والا کیسے قرار دینا ہے۔
کرٹ ویلڈن نے امریکی صڈر ڈونلڈ ٹرمپ پر زور دیا کہ وہ دیانت دار افراد پر مشتمل کمیشن تشکیل دیں جو 9/11 سے متعلق حقائق کو تلاش کر کے سامنے لائے۔واضح رہے کہ ماضی میں امریکی حکومت کی طرف سے مقرر کئے گئے 9/11 کمیشن نے تحقیقات کے بعد یہ نتیجہ اخذ کیا تھا کہ امریکی حکومت نے القاعدہ کی سازش یا اس پر عملدرآمد کو روکنے کے لئے 1998 سے 2001 تک کوئی موثر اقدام نہیں کیا ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=582665