اسلام آباد۔30مئی (اے پی پی):وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی مواصلات ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی نااہل حکومت 19.2 بلین ڈالر کا کرنٹ اکائونٹ خسارہ (سی اے ڈی) چھوڑ کر گئی جو موجودہ حکومت کی متحرک پالیسیوں کی وجہ سے آج 773 ملین ڈالر فاضل ہے۔
اتوار کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کے بیان پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے درباریوں کے پاس اعلیٰ درجے کا جھوٹ اور تکبر ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے اپنے پانچ سالہ دور حکومت میں برآمدات کا جنازہ نکال کر رکھ دیا۔
ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ کوویڈ ۔19 کی وبا کی صورتحال کے باوجود ملکی برآمدات میں 13.5 فیصد کا اضافہ ہوا ہے جو 21 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ کی نااہل حکومت نے زرمبادلہ کے ذخائر کو 18 ارب سے گھٹا کر 7 ارب کردیا جبکہ آج ملکی زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر 23 ارب ڈالر تک پہنچ گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے اعتماد کی وجہ سے ترسیلات زر بھی 24.2 ارب تک پہنچ گئی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ معیشت کی بحالی دیکھ کر نااہل درباریوں کی رات کی نیندیں حرام ہوگئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور حکومت میں کاروبار بھی بحال ہوئے ہیں اور صنعتیں بھی مکمل طور پر چل چکی ہیں ،
آج پچھلے چار سالوں میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج اپنی بلند ترین سطح پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ نااہل ن لیگ پاکستان کی معاشی ترقی سے خوفزدہ ہے۔ ڈاکٹر گل نے کہا کہ درباری جانتے ہیں کہ ملکی معیشت کی بحالی سے ان کی سیاست کا خاتمہ ہوجائے گا۔