نادرا حکام کی مشترکہ پریس کانفرنس

اسلام آباد ۔ 19 جون (اے پی پی) نادرا حکام نے واضح کیا ہے کہ ووٹرز کے کوائف کسی سیاسی جماعت یا غیر متعلقہ فرد کو دینے کے حوالہ سے خبریں من گھڑت اور بے بنیاد ہیں، نادرا کا نظام اتنا مضبوط ہے کہ کوئی ایک شخص ڈیٹا شیئر نہیں کر سکتا، نادرا سے آج تک کسی قسم کی ڈیٹا لیکیج نہیں ہوئی، دوہری شہریت معاملہ میں سپریم کورٹ نے …

اسلام آباد ۔ 19 جون (اے پی پی) نادرا حکام نے واضح کیا ہے کہ ووٹرز کے کوائف کسی سیاسی جماعت یا غیر متعلقہ فرد کو دینے کے حوالہ سے خبریں من گھڑت اور بے بنیاد ہیں، نادرا کا نظام اتنا مضبوط ہے کہ کوئی ایک شخص ڈیٹا شیئر نہیں کر سکتا، نادرا سے آج تک کسی قسم کی ڈیٹا لیکیج نہیں ہوئی، دوہری شہریت معاملہ میں سپریم کورٹ نے نادرا کے کام کو سراہا۔ منگل کو نادرا ہیڈ کوارٹرز میں نادرا کے ڈی جی پراجیکٹس ذوالفقار علی، ڈی جی ایڈمنسٹریشن طاہر اکرم، ڈی جی اسلام آباد ریجن ذوالفقار احمد، ڈائریکٹر لیگل ثاقب جمال، جی ایم نادرا غزالی زاہد اور دیگر نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کی پریس کانفرنس کا کسی سیاسی جماعت یا رہنما کے بیان سے تعلق نہیں، ہم کسی کے بیان کی تصدیق کر رہے ہیں نہ تردید، اس حوالہ سے میڈیا میں زیر گردش خبریں من گھڑت اور بے بنیاد ہیں جن کی سختی سے تردید کرتے ہیں، کسی بھی ووٹر یا شہری کا ڈیٹا کسی بھی سیاسی جماعت یا پلیٹ فارم پر شیئر نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ آج تک نادرا سے کسی قسم کا ڈیٹا لیک نہیں ہوا، میڈیا پر یہ الزامات نادرا کے ایک برطرف کئے گئے آفیسر سیّد مظفر علی شاہ کی طرف سے سامنے آئے ہیں جنہیں اختیارات کے ناجائز استعمال اور غلط کارروائیوں پر فارغ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈیٹا لیک سے متعلق ٹی وی پر ایک ای میل دکھائی گئی ہے جو ایک سال پرانی ہے اور یہ وہ وقت ہے جب ووٹر لسٹوں کے حوالہ سے ابھی کام بھی شروع نہیں ہوا تھا، اس معاملہ پر تحقیقات کرکے ایک رپورٹ مرتب کی گئی تھی، اس معاملہ کا نادرا کے ڈیٹا سے کوئی تعلق نہیں، ایک انٹرنل ای میل کو خوامخواہ ایشو بنایا جا رہا ہے۔