نادرا کے سنٹرز پر شہریوں کو انتظار کی زحمت سے بچایا جائے،وزیر مملکت شہریار آفریدی کی ہدایت

87

اسلام آباد ۔ 12 مارچ (اے پی پی) وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے ہدایت کی ہے کہ نادرا کے سنٹرز پر شہریوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے اور انہیں انتظار کی زحمت سے بچایا جائے۔ منگل کو وزیر مملکت برائے داخلہ نے نادرا کے مختلف سنٹرز کا دورہ کیا جہاں انہوں نے نادرا کی طرف شہریوں کو فراہم کی گئی سہولیات کا جائزہ لیا اور موقع پر موجود لوگوں کے مسائل سنے اور ان کی بعض شکایات بالخصوص لنچ بریک کے باعث شہریوں کو انتظار کی زحمت سے بچانے سے متعلق فون پر چیئرمین نادرا سے بات کی اور انہیں ہدایت کی کہ شہریوں کے کام جلد سے جلد نمٹائے جائیں اور ایسے انتظامات کیے جائیں کہ انہیں انتظار کم سے کم کرنا پڑے۔ وزیر مملکت برائے داخلہ نے بالخصوص خواتین اور بزرگ شہریوں کی شکایات پر نادرا سٹاف کی بازپرس کی اور انہیں ہدایت کی کہ شہریوں کیساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں اور ان کے کام کو فوقیت اور ترجیح دیں۔