اسلام آباد۔1اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ نالہ لئی ایکسپریس وے منصوبہ سے مقامی لوگوں کیلئے روزگار کے مواقع اور نئی تجارتی سرگرمیاں پیدا ہوں گی جو غربت کے خاتمے کا سبب بنیں گی۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت نالہ لئی ایکسپریس وے کا جائزہ اجلاس جمعہ کو یہاں منعقد ہوا۔
اجلاس میں وزیر داخلہ شیخ رشید احمد اور چیئرمین نیا پاکستان ہاؤسنگ اینڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی (این اے پی ایچ ڈی اے) لیفٹیننٹ جنرل انور علی حیدر (ر) نے شرکت کی۔ وزیراعظم آفس میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق اجلاس کے دوران وزیراعظم کو بتایا گیا کہ 17 کلومیٹر طویل نالہ لئی منصوبہ اسلام آباد کے آئی جے پی روڈ کو جی ٹی روڈ سے ملانے کیلئے ایک بہت مفید متبادل راستہ پیش کرے گا۔ 200 ارب روپے سے زائد مالیت کا یہ منصوبہ جڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی کو سیلاب سے بھی بچائے گا۔
نالہ لئی ایکسپریس وے منصوبہ کے تحت ٹرنک سیوریج سسٹم بنا کر جڑواں شہروں کے فضلہ کو ٹھکانے لگانے کے مسائل میں بھی مدد ملے گی۔ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (پی پی پی) ماڈل کو اپناتے ہوئے اس اہم انفراسٹرکچر منصوبہ کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ یہ منصوبہ مقامی لوگوں کے لیے روزگار کے بہت سے مواقع پیدا کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ منصوبہ سے تجارتی سرگرمیاں بھی پیدا ہوں گی جوغربت کو ختم کرنے کا سبب بنیں گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار ، وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر ڈاکٹر سلمان شاہ ، چیف سیکرٹری پنجاب اور پنجاب کے دیگر متعلقہ اعلیٰ حکام نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔