فیصل آباد۔ 13 اپریل (اے پی پی):تھانہ صدر جڑانوالہ پولیس کے علاقہ 115گ ب نزد بوٹے والی جھال کے قریب نامعلوم مسلح ملزمان کی فائرنگ سے 4 افراد ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق تھانہ صدر جڑانوالہ کے علاقہ 115گ ب نزد بوٹے والی جھال کے قریب ستیانہ بنگلہ کی نامور سماجی شخصیت32سالہ میاں علیم شاہد المعروف علیم سنیارا اور 30سالہ میاں صنم سلطان المعروف صنم سنیارا کو شادی کی تقریب پر جاتے ہوئے راستہ میں نامعلوم مسلح افراد نے گاڑی پر فائرنگ کرکے ان کے ساتھیوں شاہزیب اور عبدالسلام سمیت قتل کردیا جبکہ فائرنگ کی زد میں آنے والے دو افراد عتیق طفیل اور سیف الرحمن شدید زخمی ہو گئے جن کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔
آر پی او فیصل آباد ذیشان اصغر نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی پی او فیصل آباد صاحبزادہ بلال عمر سے رپورٹ طلب کر لی۔پولیس ترجمان کے مطابق واقعہ کی اطلاع ملنے پر ایس پی جڑانوالہ، ڈی ایس پی اور انویسٹی گیشن ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچے شواہد اکٹھے کرکے ملزمان کی گرفتاری کیلئے سپیشل ٹیمیں تشکیل دے دیں۔ پولیس کی ابتدائی تحقیق کے مطابق واقعہ دیرینہ دشمنی کا ساخسانہ معلوم ہوتا ہے۔