اسلام آباد ۔ یکم اکتوبر (اے پی پی) پاکستان کے نامور اداکار، ہدایتکار، فلم ساز سید کمال کی 10ویں برسی منگل کو منائی گئی۔ ان کا پورا نام سید کمال شاہ تھا۔انھوں نے اپنے فلمی کیرئیر کا آغاز قیام پاکستان سے قبل ممبئی میں بننے والی فلم ‘باغی سردار ‘کے ایک مختصر کردار سے کیا تھا۔ ایک دو اور فلموں میں کام کرنے کے بعد وہ پاکستان آگئے جہاں ہدایت کار شباب کیرانوی مرحوم نے انہیں اپنی فلم ‘ ٹھنڈی سڑک’ میں بطور ہیرو کاسٹ کیا ۔ یہ فلم 2 مئی 1957ء کو عیدالفطر کے دن نمائش پذیر ہوئی تھی۔سید کمال نے 2000ئ تک 84 فلموں میں کام کیا جن میں 75 اردو ، 8 پنجابی اور ایک پشتو فلم شامل تھی۔ ان کی مشہور فلموں میں زمانہ کیا کہے گا، آشیانہ، ایسا بھی ہوتا ہے، ایک دل دو دیوانے، بہن بھائی، ہنی مون، روڈ تو سوات اور نئی لیلیٰ نیا مجنوں کے نام سرفہرست ہیں۔ انہوں نے بطور فلم ساز اور ہدایت کار بھی کئی فلمیں بنائیں جن میں جوکر، شہنائی،ہنی مون، ہیرو، آخری حملہ، انسان اور گدھا، جٹ کڑیاں توںڈردا، آج دی کڑیاں، کل دے منڈے اور سیاست کے نام شامل تھے۔ سید کمال نے 1975ء میں پاکستان ٹیلی وژن سے کمال کا شو کے نام سے ایک مارننگ شو پیش کیا جو ناظرین میں بے حد مقبول ہوا۔انہوں نے این ٹی ایم کی ڈرامہ سیریل کشکول میں بھی اہم کردار ادا کیا تھا۔ انہوں نے 1985ء کے عام انتخابات میں بھی عملی طور پر حصہ لیا مگر کامیاب نہ ہوسکے۔ان انتخابات کے واقعات ان کی فلم سیاست کا حصہ بنے۔ سید کمال نے اپنی خود نوشت سوانح داستان کمال کے نام سے تحریر کی تھی، اس کے علاوہ ان کا مجموعہ کلام بھی کسب کمال کے نام سے اشاعت پذیر ہوا تھا۔سید کمال نے اپنی اداکاری پر لاتعداد ایوارڈز بھی حاصل کئے تھے جن میں بہترین اداکاری کے تین نگار ایوارڈز کے علاوہ لائف ایچیومنٹ ایوارڈ بھی شامل تھے۔ سید کمال کا انتقال یکم اکتوبر 2009ء کو کراچی میں ہوا۔