نام نہاد بلدیاتی انتخابات کے موقع پر کشمیری عوام کی احتجاجی ہڑتال اور مکمل بائےکاٹ بھارت کیلئے چشم کشا ہے ، مشترکہ حریت قیادت

سرینگر ۔ 9 اکتوبر (اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں سید علی گیلانی، میرواعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت مقبوضہ علاقے میں نام نہاد بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے موقع پر کشمیری عوام کی بے مثال احتجاجی ہڑتال اور اس لا حاصل مشق کے بائیکاٹ کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے بھارت کیلئے چشم کشاقراردیا ہے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطا بق حریت قائدین نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ ان انتخابات کے ذریعے نہ صرف جمہوریت کے تمام اصولوں کو مضحکہ خیز طور پر روندا گیا، درحقیقت ان انتخابات کا مقصد بھارت کی جانب سے جموںوکشمیر پر اپنے غیر قانونی تسلط کو دوام بخشنا ہے۔ تاہم ا نہوںنے کہاکہ لوگوں نے ڈھونگ انتخابات کامکمل بائیکاٹ اور لاتعلق رہ کر سیاسی بالغ نظری اور حق خود ارادیت کے حصول کی جدوجہد کے ساتھ بھر پور یکجہتی کا مظاہرہ کیاہے