لاہور۔27نومبر (اے پی پی):صوبہ بھر میں جنگلی حیات کے غیرقانونی شکار ، کاروبار اور قبضہ کی روک تھام کیلئے محکمہ کا کومبنگ آپریشن جاری ہے جس کے نتیجے میں گزشتہ روز راولپنڈی ریجن میں نایاب جنگلی جانور پینگولن کے آن لائن ڈیلرز سمیت تیتر اور جنگلی سورکا غیرقانونی شکار کرنیوالے 8ملزمان رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیے گئے ۔ ملزمان کو وائلڈلا ئف ایکٹ کی خلاف ورزی پر ایک لاکھ روپے جرمانہ کرکے کیس نمٹادئیے گئے جبکہ نایاب جنگلی جانور پینگولن کو قدرتی ماحول میں آزاد کردیاگیا ۔
ترجمان کے مطابق وائلڈلا ئف سٹاف راولپنڈی ریجن نے ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈلائف راولپنڈی ریجن راجہ احسان احمد کی سربراہی میں تحصیل راولپنڈی اور گوجر خان میں متعدد کارروائیوں میں نایاب جنگلی جانور پینگولن کے 2آن لائن ڈیلرز کو قانون کے شکنجے میں لیکر ان سے ایک زندہ پینگولن برآمد کرلی اور کیس کمپائونڈ کرنے کی درخواست پر انہیں 40ہزار روپے جرمانہ کرکے کیس نمٹادیا ، اسی طرح کی دو دیگر کارروائیوں میں کتوں کیساتھ جنگلی سوراور تیتر کا غیرقانونی شکار کرنیوالے شکاریوں کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرکے 60ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔