نبی اکرم ﷺ کی زندگی وسیرت اور اس میں موجود تعلیمات پر غور کرنے کی ضرورت ہے، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا 12ربیع الاول 1445ھ/2023 کے موقع پر قوم کے نام پیغام

116
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی

اسلام آباد۔29ستمبر (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے نبی اکرم ﷺ کی زندگی وسیرت اور اس میں موجود تعلیمات پر غور کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بحیثیت قوم ہم پر لازم ہے کہ ہم اپنی روزمرہ کی زندگی میں ان اقدار کو قائم کریں اور ایسے ماحول کو فروغ دیں جہاں ہر فرد کی عزت اور حقوق محفوظ ہوں۔ 12ربیع الاول، عید میلاد النبی کی مناسبت سے اپنے پیغام میں صدر نے کہا کہ میں میلادالنبی ﷺ کے بابرکت موقع پر پاکستانی قوم اور پوری امت مسلمہ کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ حضرت محمدرسول اللہ خاتم النبیین ﷺ کی ولادت ِباسعادت تمام جہانوں کیلئے ایک عظیم اور مبارک ترین نعمت ہے ۔

آپﷺ کی بدولت انسانیت اللہ تعالیٰ کی جانب سے ہدایت کے انعام اور رحمت سے سرفراز ہوئی ۔حضرت محمد ﷺ کو تمام جہانوں کیلئے رحمت بنا کر بھیجا گیا اور آپﷺ کی زندگی اللہ تعالیٰ کی اطاعت ، عدل و انصاف اور انسانوں کی جانب شفت ومحبت کی مجسم تصویر ہے۔ آپؐ کی تعلیمات ہمہ گیر اور آفاقی ہیں اور انسانیت کیلئے رہنمائی کا ایک لازوال ذریعہ ہیں۔ آپؐ کی تعلیمات دور ِحاضر سمیت رہتی دنیا تک درپیش بے شمار چیلنجز کا حل پیش کرتی ہیں۔

رسول اللہ ﷺ کی سیرت ِطیبہ میں ہمیں نہ صرف ایمانیات وعبادات بلکہ تمام شعبہ ہائے زندگی سے متعلق ایک کامل نمونہ ملتا ہے۔ اللہ تعالیٰ کی وحدانیت، سماجی انصاف، حقوق العباد، صنفی مساوات، اور پسماندہ لوگوں کی فلاح و بہبود کے حوالے سے آپؐ کی ہدایات اسلام کے پیغام کی جامعیت اور عالمگیریت کی آئینہ دار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مختلف ثقافتوں اور مذہبی تنوع کا حامل ملک ہے ۔ یہاں اسلام کے علاوہ دیگر ادیان اور مذاہب کے لوگ بھی رہتے ہیں۔

ہمیں چاہیے کہ ہم اس تنوع کی قدر کریں اور اپنے ہم وطنوں کے درمیان افہام و تفہیم اور اتحاد ویگانگت کے فروغ کیلئے تندہی سے کام کریں۔ صدر مملکت نے کہا کہ نبی اکرمﷺ نے مدینہ منورہ میں اسلامی ریاست کے قیام کے بعد دیگر مذاہب کے پیروکاروں کے ساتھ جو معاہدے کیے اور اسلامی ریاست میں غیر مسلموں کو دیے جانے والے جن حقوق کا تذکرہ فرمایا، وہ ہم سب پاکستانیوں کو اپنے سامنے رکھنا چاہیے اورکوشش کرنی چاہیے کہ پاکستان کے اتحاد واتفاق کو نقصان پہنچانے والی قوتیں کبھی کامیاب نہ ہو پائیں۔

ہمیں اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ پاکستان میں بسنے والے تمام مذہبی طبقات خود کو محفوظ اور مامون محسوس کریں۔ انہوں نے کہا کہ میں نبی اکرم ﷺ کی ولادت کے مبارک دن پر ہر پاکستانی سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ اپنی قوم اور پوری دنیا کیلئے اللہ تعالیٰ سے رحمتوں کے خواست گار ہوں۔ ہماری اجتماعی دعائیں ہمارے لیے ترقی، خوشحالی اور قوت کا ذریعہ بنیں۔ میری دعا ہے کہ پاکستان پر اللہ تعالیٰ کی رحمتیں اور برکتیں نازل ہوں اور حضور نبی اکرمﷺ کی تعلیمات ایک انصاف پسند اور خوشحال معاشرے کے قیام کے عمل میں ہماری راہیں روشن کرتی رہیں۔ آمین!