اسلام آباد۔19فروری (اے پی پی):وزیر خزانہ کے مشیرخرم شہزاد نے کہا ہے کہ مجموعی قومی پیداوار(جی ڈی پی) میں نجی شعبہ کی قیادت میں نمو کےلئے حالات سازگار بنا دیئے گئے ہیں ، زراعت ، مینوفیکچرنگ، تجارت، لاجسٹک اور دیگرمتعلقہ شعبوں کوقرضہ جات کی فراہمی سے اقتصادی سرگرمیوں میں تیزی آرہی ہے۔سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ’’ایکس ‘‘ پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ یہ بات خوش آئند …
نجی شعبہ کی قیادت میں نمو کےلئے حالات سازگار بنا دیئے گئے ہیں ، مشیر وزیر خزانہ خرم شہزاد

مزید خبریں
اسلام آباد۔19فروری (اے پی پی):وزیر خزانہ کے مشیرخرم شہزاد نے کہا ہے کہ مجموعی قومی پیداوار(جی ڈی پی) میں نجی شعبہ کی قیادت میں نمو کےلئے حالات سازگار بنا دیئے گئے ہیں ، زراعت ، مینوفیکچرنگ، تجارت، لاجسٹک اور دیگرمتعلقہ شعبوں کوقرضہ جات کی فراہمی سے اقتصادی سرگرمیوں میں تیزی آرہی ہے۔سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ’’ایکس ‘‘ پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ حکومت کو قرضوں کی فراہمی کی بجائے زیادہ تر قرضہ نجی شعبہ کی سرگرمیوں کی طرف منتقل ہورہا ہے۔
انہوں نےکہا کہ جنوری میں نجی شعبہ کو فراہم کردہ مجموعی قرضہ جات کا حجم7فیصد سالانہ اضافے کے ساتھ 10.6ٹریلین روپے تک پہنچ چکا ہے ،نجی شعبے کے کاروبار کو قرضوں کی فراہمی میں سالانہ بنیادوں پر5.3فیصد کا اضافہ ہوا، زرعی قرضوں میں اضافے کی شرح 36فیصد ریکارڈ کی گئی ، موٹر ساز ی کے شعبے کو قرضوں کی فراہمی میں 62فیصد ، ہول سیل اینڈ ریٹیل میں 41فیصد اور ٹرانسپورٹ و سٹوریج شعبہ جا ت کو قرضوں کی فراہمی میں سالانہ بنیادوں پر55فیصد کا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
خرم شہزاد نے کہا کہ زرعی شعبے میں سے کپاس کی فصل کےلئے قرضہ جات 217فیصد اضافے کے بعد 19.8ارب روپے، گندم 23فیصد اضافے کے بعد 33.9ارب روپے، چاول 114فیصد کے اضافے کے بعد 31.1ار ب روپے ، پولٹری 24.3ارب روپے اور گنے کی فصل کےلئے فراہم کردہ قرضہ جات 47فیصد اضافے کے بعد 8.9ارب روپے تک پہنچ گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قرضہ جات میں پھیلائو مختلف شعبوں تک پھیل رہا ہے ، زراعت ، مینوفیکچرنگ، تجارت، لاجسٹک اور دیگرمتعلقہ شعبوں کوقرضہ جات کی فراہمی سے اقتصادی سرگرمیوں میں تیزی آرہی ہے، اس کے نتیجے میں بڑی صنعتوں کی پیداوار میں بھی اضافہ ہورہا ہے، دسمبر میں بڑی صنعتوں کی پیداوار میں ماہانہ بنیادوں پر9.3فیصد اورمالی سال کی پہلی ششماہی میں سالانہ بنیادوں پر4.8فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ حکومتی اقدامات ، ٹیرف میں کمی ،برآمدی مالیات میں اضافہ اور برآمدی ترقیاتی سرچارج کے خاتمے کے بعد جاری مالی سال میں نجی شعبے کی قیادت میں اقتصادی نمو کےلئے تمام تیاریاں مکمل ہوچکی ہیں۔








