نجی شعبے کے کاروبار کو بینک قرضوں کے اجرا میں اپریل کے دوران سالانہ بنیاد پر 5.4 فیصد اضافہ

State Bank
State Bank

اسلام آباد۔7جون (اے پی پی):ملک میں نجی شعبے کے کاروبار کو بینکوں کی جانب سے قرضوں کے اجرا میں اپریل کے دوران سالانہ بنیادوں پر 5.4 فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی ہے۔ سٹیٹ بینک کی جانب سے اس حوالے سے جاری کر دہ اعدادوشمار کے مطابق اپریل 2023 میں نجی شعبے کے کاروبار کو بینکوں کی جانب سے فراہم کردہ قرضوں کا حجم 7121 ارب روپے ریکارڈکیا گیا جو گزشتہ سال اپریل کے مقابلہ میں 5.4 فیصد زیادہ ہے۔

گزشتہ سا ل اپریل میں بینکوں کی جانب سے نجی شعبے کے کاروبار کو فراہم کردہ قرضوں کا حجم 6757 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا۔ مارچ کے مقابلے میں اپریل میں نجی شعبے کے کاروبار کو فراہم کردہ قرضوں کے حجم میں ماہانہ بنیادوں پر 1.1 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ مارچ میں بینکوں کی جانب سے نجی شعبے کے کاروبار کو فراہم کردہ قرضوں کا حجم 7199 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا تھا جو اپریل میں کم ہو کر 7121 ارب روپے ہو گیا۔