اسلام آباد۔1جون (اے پی پی):وفاقی وزیر صحت سید مصطفی کمال نے نرسنگ مافیا کے خلاف اعلان جنگ کرتے ہوئے بدعنوانی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے سخت نئے قوانین لانے کا عہد کیا ہے۔ اتوار کو اپنے ایک انٹرویو میں انہوں نے وضاحت کی کہ نرسنگ مافیا جارحانہ طریقے سے جعلی ڈگریوں پر کام کر رہا ہے ، اب وقت آگیا ہے کہ ان کے خلاف سخت کارروائی ہو گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ بدعنوا نی کے خلاف کریک ڈاؤن کرنے کی ضرورت ہے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ صرف اہل اور پیشہ ور افراد کو ہی کام کرنے کی اجازت دی جائے۔ سید مصطفی کمال نے نرسنگ سیٹوں کی بے حد مانگ پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ بعض ادارے نرسنگ کی ملازمت کیلئے 25 لاکھ جبکہ ملک میں ملازمت کیلئے 9 لاکھ روپے وصول کرتے ہیں۔انہوں نے نرسنگ سیکٹر میں انصاف اور جوابدہی کو یقینی بنانے کے لیے شفاف اور میرٹ پر مبنی نظام کی فوری ضرورت پر زور دیا۔ وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ موجودہ حکومت نرسنگ کی تعلیم کو بہتر بنائے گی۔ انہوں نے شفاف داخلوں اور سخت میرٹ پر مبنی پالیسیوں کے عزم کا اظہار بھی کیا۔
وفاقی وزیر نے صحت کی دیکھ بھال کی خدمات کے فروغ کے وسیع تر اقدامات معیاری ادویات کی بھی ضمانت دیتے ہیں۔ وفاقی وزیر صحت سید مصطفی کمال نے صحت کے شعبے میں بہتری کے لیے حکومت کے عزم پر زور دیتے ہوئے معیاری ادویات کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے کوششوں کی یقین دہانی بھی کرائی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=603961