ملتان ۔ 27 جولائی (اے پی پی):گردوگرما کیلئے مشہور اولیاء کرام کی دھرتی پر سبزے کے راج کیلئے کمشنر مریم خان نے سول سوسائٹی، والڈ سٹی کیساتھ ملتان کو سرسبز و شاداب بنانے کیلئے کمر کس لی۔کمشنر مریم خان نے والڈ سٹی کے زیر اہتمام درخت لگاو ملتان بچاو مہم کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی مریم نواز نے ستھرا پنجاب وژن کے تحت شجرکاری مہم بڑے پیمانے پر جاری ہے۔والڈ سٹی ملتان، سول سوسائٹی کے تعاون سے شہر میں ایک لاکھ پودے لگائے جائیں گے۔
کمشنر مریم خان نے سول سوسائٹی، سکول کے بچوں کے ہمراہ پودا لگایا اور شہریوں سے شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر شرکت کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تغیر ہم سب کا مسلئہ ہے۔ شجرکاری صرف مہم نہیں مقصد ہے، سبکو بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے۔ اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر مارکیٹنگ عمیر غضنفر نے کہا کہ ڈی جی والڈ سٹی کامران لاشاری کی ہدایت پر والڈ سٹی کے پلیٹ فارم سے پودے تقسیم بھی کئے جارہے۔ نسل نو کو صاف ماحول کی فراہمی کیلئے تمام مکاتب فکر کو اپنی ذمہ داری نبھانا ہوگی۔ اس موقع پر سول سوسائٹی کے افراد نے پودے لگائے اور ملکی ترقی و سلامتی کیلئے دعا کی۔