نظام پورہ کی رہائشی خاتون نے تھانہ گنڈاسنگھ کے سامنے خود سوزی کی کوشش کی، پولیس ترجمان قصور

164

قصور. 30 نومبر (اے پی پی):قصورکے نواح تھانہ گنڈا سنگھ والا کے سامنے خاتون نے خودسوزی کی کوشش کی ہے ۔پولیس ترجمان قصورنے بتایا کہ قصورکے نواحی گاؤں نظام پورہ کی رہائشی خاتون سکینہ بی بی نے تھانہ گنڈاسنگھ کے سامنے خود سوزی کی کوشش کی، خاتون کے بھائی عبدالرزاق کو پولیس نےحراست میں لیا ہوا تھا، سکینہ بی بی نے تھانہ میں آ کر گالم گلوچ شروع کر دیں اور اپنے بھائی کو نہ چھوڑنے کی صورت میں سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دیں‘ سکینہ بی بی مختلف تھانوں میں اغوا، زنا اور چوری سمیت دیگر سنگین دفعات کے 20 سے زائد مقدمات میں مدعیہ اور ملزمہ ہے،

اس کے علاوہ سکینہ بی بی نے مختلف معزز عدالت ہائے میں اپنے مخالفین کے خلاف 50 سے زائد دعوے بھی دائر کر رکھے ہیں۔ سکینہ بی بی نے تھانہ کے باہر جا کر خود پر پٹرول چھڑک کر آگ لگا کر خود سوزی کرنے کی کوشش کی۔ مقامی پولیس نے موقع پر پہنچ کر آگ بجھائی ۔انہوں نے بتایا کہ ڈی پی اوقصور محمد عیسیٰ خاں فوری ہسپتال پہنچے اور ایڈیشنل ایس پی سمیت دیگر لیڈی اہلکاروں کو علاج معالجے کیلئے خاتون کیساتھ جناح ہسپتال لاہور رہنے کا حکم دیا۔ ڈی ایس پی سٹی اور صدر سرکل کو واقعہ کی مکمل اور شفاف انکوائری کرنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔ مزید تحقیقات جاری ہیں، میرٹ پر انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔