نعمان کا زیرو میرے 100 کے برابر اہم تھا، محمد رضوان

119

کراچی۔17مارچ (اے پی پی):قومی کرکٹ ٹیم کے سٹار کھلاڑی محمد رضوان نے کہا ہے کہ نعمان کا زیرو میرے 100 کے برابر اہم تھا، آخری 18گیندیں ہمارے لیے بہت اہم تھیں، مشکل وقت میں میرا فوکس سنچری بنانا نہیں وکٹ پر کھڑے جمے رہنے پر تھا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے آخری اوور تک کینگروز کے سامنے ڈٹے رہنے والے محمد رضوان کی ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں انہوں نے کراچی ٹیسٹ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ جیت میں کردار زیرو کا ہو یا 100کا ایک ہی اہمیت رکھتا ہے، نعمان نے بھرپور ساتھ دیا۔ آسٹریلیا کے خلاف کراچی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں جلدی آئوٹ ہو گیا تھا کیونکہ گیند بہت سوئنگ ہو رہا تھا اور آسٹریلوی بولرز بھی ردھم میں تھے۔

محمد رضوان نے بتایا کہ کراچی ٹیسٹ کی تیاری ٹیپ بال سے کی، افتخار سے کہا کہ پیٹ کمنز جو اینگل کرتا ہے وہ کرو، آسٹریلیا کے خلاف مشکلات کا شکار تھے تو ٹیپ بال سے پریکٹس کی اور نیٹ پریکٹس وکٹس پر نشانات کو پریکٹس کے لیے فوکس کیا۔انہوں نے کہا کہ کراچی کے کرائوڈنے گرائونڈ میں ہمیں بہت ہمت دی، میچ بچانے کا سہرا عوام کے سر ہے۔

رضوان نے کہا کہ بابر اعظم نے دو دن جس طرح بیٹنگ کی وہ آسان نہیں تھا، بابر196پر آئوٹ ہوا اور فہیم اشرف کی وکٹ گری تو وہ مشکل وقت تھاکیونکہ آسٹریلیا ایسی ٹیم ہے جو بہت جلدی بائونس بیک کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔وکٹ کیپر بیٹر نے کہا کہ مشکل وقت میں اس وقت فوکس وکٹ پر کھڑا ہونا تھا ناکہ سنچری بنانا، ناتھن لیون بولنگ کے لیے آئے تو مجھے وکٹ نہ ہونے کی پرواہ تھی۔