اسلام آباد۔25اپریل (اے پی پی):نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز (نمل) میں منعقد ہونے والا سپرنگ فیسٹیول جمعہ کو شاندار تقریب کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا۔ پانچ دن تک جاری رہنے والے اس فیسٹیول میں ثقافتی رنگ، طلبہ کی تخلیقی صلاحیتوں اور بین الاقوامی ہم آہنگی کی خوبصورت جھلک دیکھنے کو ملی۔نمل سے جاری پریس ریلیز کے مطابق اختتامی تقریب میں مختلف کھیلوں، فنون اور علمی مقابلوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ کو انعامات اور اسناد سے نوازا گیا۔ ان مقابلوں میں کرکٹ، فوٹ سال، بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس، رسی کشی، کبڈی کے علاوہ آرٹ، خطاطی، نعت، قرات، کوریائی تقریری مقابلہ، پوسٹر اور پینٹنگ، محفل موسیقی، میٹا تھیٹر اور تقریری مقابلے شامل تھے۔
طلبہ کی بھرپور شرکت نے ان سرگرمیوں کو یادگار بنا دیا۔ریکٹر نمل میجر جنرل (ر) شاہد محمود کیانی نے اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے طلبہ کی کاوشوں کو سراہا اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔ انہوں نے اتحاد، ہمدردی اور ذمہ داری کے جذبے کو فروغ دینے پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ اس چیلنجنگ دور میں ہمیں ایک دوسرے کا احترام کرنا ہوگا، ہمارے نوجوان امید کی کرن ہیں اور ان کی صلاحیتوں کو دیکھ کر مجھے پاکستان کے روشن مستقبل کی امید ہے۔ریکٹر نمل نے اس بات کی اہمیت پر زور دیا کہ پاکستان کی 64 فیصد آبادی 35 سال سے کم عمر نوجوانوں پر مشتمل ہے اور یہ نوجوان ہی ملک کے مستقبل کے رہنما ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قیادت ایک الٰہی ذمہ داری ہے جس طرح قائداعظم محمد علی جناح کو اللہ تعالیٰ نے پاکستان کی آزادی کے لئے منتخب کیا
ہمیں دوسروں کے لئے جینا سیکھنا ہوگا، ان کے دکھ درد کو محسوس کرنا ہوگا، تعلیم سب سے بڑا معاشرتی مساوات کا ذریعہ ہے اور نمل ان باصلاحیت طلبہ کی مکمل معاونت کرے گا جو وسائل کی کمی کا شکار ہیں،اپنے عمل کو دکھاوے کے لئے نہیں بلکہ اللہ کی رضا کے لئے انجام دیں، اگر نمل کے طلبہ نمایاں ہوں گے تو نمل بھی نمایاں ہوگا۔فیسٹیول کا آغاز ایک شاندار افتتاحی تقریب سے ہوا جس میں مختلف ممالک کے سفیروں، ثقافتی اتاشیوں اور سفارتی نمائندوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر خیبرپختونخوا، پنجاب، بلوچستان، سندھ، کشمیر، ہزارہ، سرائیکی خطہ اور گلگت بلتستان کے روایتی رقص اور ثقافتی مظاہروں نے مہمانوں کو خوب محظوظ کیا۔اس کے ساتھ ساتھ 15 سے زائد ممالک کے بین الاقوامی اسٹالز نے شرکاء کی توجہ حاصل کی
جن میں مختلف ممالک کی ثقافت، روایات، ملبوسات اور کھانوں کی جھلک پیش کی گئی۔تقریب کا اختتام اجتماعی تصویری سیشن، مہمانان خصوصی اور اسپانسرز کو یادگاری تحائف کی تقسیم اور خوشی، اتحاد و امید کے جذبات کے ساتھ ہوا۔یہ رنگا رنگ ہفتہ تنوع، تخلیق اور ہم آہنگی کا خوبصورت مظہر رہا، جو نمل کے اس عزم کا عکاس ہے کہ یہ ادارہ صرف علم نہیں بلکہ عالمی شہریوں کی تربیت کا مرکز ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=587855