اسلام آباد۔3جون (اے پی پی):نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز میں ٹیچ فار پاکستان (ٹی ایف پی )اور پاکستان انسٹیٹیوٹ آف لیونگ اینڈ لرننگ (پی آئی ایل ایل ) کے ساتھ دو علیحدہ علیحدہ مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی۔
ان معاہدوں کا مقصد تعلیمی و پیشہ وارانہ ترقی، تحقیق اور معاشرتی بہتری کے لئے ادارہ جاتی تعاون کو فروغ دینا ہے۔نمل سے جاری بیان کے مطابق نمل اور ٹیچ فار پاکستان کے مابین ہونے والے معاہدے کے تحت ٹیچ فار پاکستان نمل کے طلبہ کو فیلوشپ، انٹرن شپ اور ملازمت کے مواقع فراہم کرنے کے علاوہ جامعہ میں کیرئیر ڈویلپمنٹ، پروفیشنل سکلز ورکشاپس اور آگاہی سیشنز کا انعقاد بھی کرے گا۔
ڈائریکٹر جنرل نمل بریگیڈیئر شہزاد منیر اور ہیڈ آف ڈویلپمنٹ اینڈ پارٹنرشپ (ٹیچ فار پاکستان) محمد عزیر نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے۔اس موقع پر ریکٹر نمل میجر جنرل (ر) شاہد محمود کیانی نے معاہدے پر عملدرآمد کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے اس کو طلبہ اور دونوں اداروں کے لئے سود مند قرار دیا۔ انہوں نے ٹی ایف پی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مستقبل میں مثبت نتائج کی امید ظاہر کی۔نمل اور پاکستان انسٹیٹیوٹ آف لیونگ اینڈ لرننگ کے مابین ایک اور مفاہمتی معاہدہ بھی طے پایا۔
اس معاہدے کے تحت دونوں ادارے دماغی و عوامی صحت کے شعبے میں مشترکہ تحقیقی مرکز کے قیام پر متفق ہوئے جس کا مقصد بین الاداراتی تعاون، تحقیقی وسائل کا تبادلہ اور صحت کے چیلنجز کے لئے ٹھوس حل فراہم کرنا ہے۔ بریگیڈیئر شہزاد منیر اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر ریسرچ ڈویلپمنٹ نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے۔
معاہدے کے مطابق نمل اور پی آئی ایل ایل دماغی صحت سے متعلق آگاہی مہمات، تعلیمی سیشنز، کمیونٹی انگیجمنٹ پروگرامز اور سکول سطح پر ذہنی و جسمانی صحت سے متعلق سیشنز منعقد کریں گے۔مزید برآں دونوں ادارے مقامی سطح پر دماغی صحت کے مسائل پر تحقیق کو فروغ دیں گے تاکہ معاشرتی بہتری اور عوامی فلاح میں کردار ادا کیا جا سکے۔