نمل یونیورسٹی میں ’’یورپین یونین ماڈل اور جنوبی ایشیاء کے علاقائی تعاون‘‘پر بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد

112

اسلام آباد۔26اکتوبر (اے پی پی):نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگوئجز (نمل) کے شعبہ بین الاقوامی تعلقات کے زیر انتظام ’’یورپین یونین ماڈل اور جنوبی ایشیاء کے علاقائی تعاون‘‘پر بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا ،جس کی افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی یورپی یونین وفد پاکستان کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن فلپ اولیور گراس تھے جبکہ مہمان اعزاز سابقہ سفیر نغمانہ ہاشمی تھیں۔

اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل نمل بریگیڈیئر شہزاد منیر ، صدر شعبہ بین الاقوامی تعلقات ، مہمان سکالرز، فیکلٹی ممبران اور طلباء کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے فلپ گراس نے کہا کہ یورپی یونین کے قیام کی ایک لمبی تاریخ ہے ،ممبران ممالک کے شہریوں کو 27ممالک میں آزادی کے ساتھ گھومنے، ملازمت اور تعلیم کی آزادی ہے، معاشی اور سیاسی تعاون سے ہٹ کر سنگل کرنسی اور ہر شہری کے بنیادی حقوق کا تحفظ اور ایک موبائل سم پر تمام ممالک میں کوریج نمایاں فوائد ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یورپی یونین ایک اچھا ماڈل ہے اور دیگر ممالک کے لئے قابل تقلید ہے مگر ہر علاقے کی اپنی ترجیحات ہوتی ہیں۔ تقریب سے سابق سفیر نغمانہ ہاشمی نے بھی خطاب کیا اور سارک ممالک اور یورپی یونین کا تقابل پیش کرتے ہوئے کہا کہ یورپی ماڈل کو اس ریجن میں رائج کرنا ممکن نہیں۔ قبل ازیں ڈی جی نمل بریگیڈیئر شہزاد منیر نے تمام مہمانوں کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا اور امیدظاہر کی کہ اس کانفرنس سے ٹھوس تجاویز سامنے آئیں گی۔