کراچی۔25دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ نوازشریف نے آنا ہے تو میں اپنے جیب سے ٹکٹ دینے کی پیشکش کرتا ہوں ،آپ کے خاندان کے افراد پہلے سے یہاں موجود ہے اپ بھی آجائیں کوئی فرق نہیں پڑے گا ، وزیراعظم عمران خان کہیں نہیں جارہے ،، کرپشن کے جتنے ثبوت شہبازشریف کے خلاف ہے ،دنیا میں کسی کے خلاف نہیں ، آپ جیسے چور ہمارے گریبانوں پر ہاتھ نہیں ڈال سکتے ، وزیراعظم عمران خان آخری سانس تک کرپشن کے خلاف لڑائی لڑتا رہے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو یہاں مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ نوازشریف نے آنا ہے تو میں اپنے جیب سے ٹکٹ دینے کی پیشکش کرتا ہوں وہ آئیں، بیماری کا ڈرامہ کرکے آپ یہاں سے گئے اور یقنناً وہ صحت مند ہے کیونکہ کسی ڈاکٹر کو تو دکھایا نہیں ، لند ن سے صرف ملکی اداروں پر ہی حملہ کیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ لاہور میں ٹینٹ لگارہا ہوں ، آصف علی زرداری آپ کے ٹینٹ کے اکھڑنے کا وقت آگیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں نادرا کے حوالے سے لوگوں کی درپیش مشکلات کو کم کرونگا ۔
انہوں نے کہا کہ صوبہ پنجاب میں مئی جون تک بلدیاتی انتخابات مکمل ہوجائیں گے، ملک میں جب بلدیاتی انتخابات مکمل ہوں گے تو حکومت کے چارسال مکمل ہوجائیں گے ، پانچواں سال انتخابات کی تیاری کا سال ہوتا ہے اور پارٹی امیدواروں کو اپنے حلقے میں انتخابات کی تیاری کے سلسلے میں محنت کرنی ہوتی ہے ۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ میں کراچی کے عوام کو گرین لائن بس سروس کی مبارک باد دیتا ہوں، کراچی میں شہری گاڑیوں کی چھتوں پر سفرکرتے تھے ۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے دو ڈیموں پر کام شروع کیاہے ، صحت اور راشن کارڈ معمولی کام نہیں ہے ۔ سندھ کے عوام کو صحت کارڈ کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ سے کہوں گاکہ وہ وفاقی حکومت کے ساتھ ملکر سندھ کے عوام کو صحت کارڈ فراہم کرنے میں اپنا کردار ادا کریں ۔
انہوں نے کہا کہ بھارت میں بی جے پی نے اگلے انتخابات کے لئے کسی ایک مسلمان کو ٹکٹ نہیں دیا ہے اور آج مسلمان ہندوستا ن میں جمعہ کی نمازنہیں پڑھ سکتے ، ان مسلمانوں کو بھی احساس ہوگیا ہے کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کا فیصلہ درست تھا ۔