اسلام آباد۔25اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ نوازشریف نے اداروں کے خلاف ایک بار پھر غلط باتیں کیں،پی ڈی ایم سرحدوں کے محافظ اداروں کےخلاف ہرزہ سرائی کررہی ہے،پاکستان کے عوام اور حکومت پی ڈی ایم بیانیے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے،نوازشریف کو بدعنوانی پر عدالتوں نے مجرم قرار دیا ہے،لوٹی ہوئی دولت بچانے کیلئے کسی کو جمہوریت کی آڑ نہیں لینے دیں گے،پی ڈی ایم کا خود کو صرف اور صرف احتساب سے بچانے کا ایک نکاتی ایجنڈہ ہے،عمران خان کی سیاست کا مقصد کرپٹ عناصر سے ملک کو آزاد کرانا ہے،پیپلزپارٹی قیادت کی ناقص پالیسیوں نے اسے علاقائی جماعت تک محدو د کردیا ہے،تحریک انصاف کی حکومت ملک کو معاشی خوشحالی کی طرف لے جانے کیلئے پرعزم ہے۔وزیراعظم عمران خان پوری قوم کی ترجمانی کررہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ(پی آئی ڈی) میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر نے حکومت کی جانب سے بلوچستان میں بم دھماکے میں ہلاکتوں میں اظہار افسوس کیا،زخمیوں کو شفاءکاملہ اور شہید ہونے والوں کے خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے پیارے نبیﷺ کے خاکوں کے بارے میں فرانس حکومت نے جو اقدام اٹھایا ہے ان کی شدید مذمت کرتے ہیں،وزیراعظم نے شان رسالت ﷺکے حوالے سے اقوام متحدہ میں بات کی تھی۔ حضورﷺ کی شان میں کوئی گستاحی کرے گا ان کے خلاف احتجاج بھی کریں گے اور قانونی قدم بھی اٹھائیں گے۔،سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ پی ڈی ایم اگر جلسے میں شان رسالت ﷺپر بات کرتی تو بہتر ہوتا، جلسے کے شرکا کے جذبات وہی ہیں جو میرے اور آپ کے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جلسے میں جو تقاریر ہوئیں اسی جلسے میں ایک ایسے شخص نے تقریر کی جو عدالتیں اسے مفرور قرار دے چکی ہیں، نوازشریف نے اداروں کے خلاف ایک بار پھر غلط باتیں کیں۔اداروں خاص کر پاک فوج پر جو گزشتہ19سال سے دہشت گردوں کے خلاف جنگ لڑ رہی ہے جنہوں نے اس ملک کو سریا،لبنان اور عراق بننے نہیں دیا جس کا نام نوازشریف ہے نے اپنی سر زمین پر حملہ کیا اور اس کے بارے میں غلط بیان بازی کی وہ جو باتیں کر رہے ہیں وہ اس سے کیا ظاہرکرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پی ڈی ایم کے جلسے میں اویس نورانی نے آزاد بلوچستان کا نعرہ لگایا، یہی ملک دشمن چاہتے ہیں،اویس نورانی کا بیان ملک دشمن عناصر کے بیانیے کو تقویت دیتا ہے،اویس نورانی کے بیان کی پی ڈی ایم جلسے میں بیٹھے کسی رہنما نے تردید نہیں کی ۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ پاکستان کو چوراچکوں سے آزاد کرائیں گے جو ذاتی مفادات کے لئے اداروں کو داو پر لگاتے ہیں ، جب ان کی حکومت ہو تو ادارے ٹھیک کام کرتے ہیں جب یہ لوگ اقتدار سے باہر ہوں تو اداروں کے خلاف ہر حربہ استعمال کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ مریم نواز کے اخلاقی جواز کیا ہے جواب تو ان کے والد نے عدالتوں کو دینا ہے ، آپ لوگ عدالتوں سے سزا یافتہ اور ضمانت پر ہیں۔آپ لوگوں نے دو سادہ سوالات کے جواب دینے ہیں جو آپ نے 4سال سے نہیں دیئے اور جوابات دینے کی بجائے طوفان کھڑا کر دیا ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں وہ صلاحیت موجود ہے صرف کرپٹ اور نااہل لیڈروں سے نجات دلانا تھا ۔انہوں نے کہاکہ پی ڈی ایم سرحدوں کے محافظ اداروں کےخلاف ہرزہ سرائی کررہی ہے، پاکستان کے عوام اور حکومت پی ڈی ایم بیانیے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے، نوازشریف کو بدعنوانی پر عدالتوں نے مجرم قرار دیا ہے، لوٹی ہوئی دولت بچانے کیلئے کسی کو جمہوریت کی آڑ نہیں لینے دیں گے،عمران خان کی سیاست کا مقصد کرپٹ عناصر سے ملک کو آزاد کرانا ہے،سابقہ ادوار میں اداروں کو ذاتی مفادات کیلئے استعمال کرکے تباہ حال کیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ بلاول بھٹو کے منہ سے عوامی مفاد کی بات لطیفہ لگتی ہے،بلاول بھٹو اپنے والد سے نہیں پوچھتا کہ آپ نے روٹی کپڑا مکان بھی چھوڑ دیا اور پیپلزپارٹی کو علاقائی جماعت بنا دیا،آنے والے دنوں میں پیپلزپارٹی کی قیادت کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے پیپلزپارٹی دو ضلعوں تک محدود ہو جائے گا ۔انہوں نے کہاکہ بلاول بھٹو سوئس بنکوں میں رکھے 65 ملین ڈالرز کا جواب دیں ،پیپلزپارٹی اور ن لیگ نے اپنے ادوار میں ملک کو بے دردی سے لوٹ کر معاشی غداری کی۔ سینیٹر شبلی فراز نے کہاکہ منی لانڈرنگ کے اشتہاری آج مفادات کے تحفظ کے لئے آگئے ہیں آپ کا ایک دغدار ماضی ہے ، ڈرامے رچانے کے لئے سندھ میں آپ لوگوں نے کیا کیا ِ، چالیس سال تک وہاں پر آپ لوگوں کی حکومتیں بھی رہیں ۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان میں صلاحیت موجود ہے اور وہ اس ملک میں انصاف ، خوشحالی اور احتساب لائیں گے ،شبلی فراز نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کسی صورت ملک لوٹنے والوں کو نہیں چھوڑیں گے،پاکستانی عوام سیاسی شعور رکھتی ہے ، قومی خزانہ لوٹنے والوں کے چقمے میں نہیں آئیگی،تحریک انصاف کی حکومت ملک کو معاشی خوشحالی کی طرف لے جانے کیلئے پرعزم ہے،وزیراعظم عمران خان پوری قوم کی ترجمانی کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان نے اس وقت بھی کہا تھاکہ میں اکیلا کھڑا ہوں اور دور اقتدار میں بھی اکیلا کھڑا ہوں گا ، اپوزیشن کا ایک ہی ایجنڈا ہے کہ وہ احتساب سے بچ جائے ، ان کی جائیدادیں اور اولادیں باہر ہیں تو یہ ملک کے کس طرح خیر خواہ ہو سکتے ہیں ۔ ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہاکہ اپوزیشن کا ایجنڈا گیم بہت بڑی ہے ان کے تانے بانے کہیں اور سے ملتے ہیں ۔ اویس نورانی کے بیان پر کسی پی ڈی ایم لیڈر نے مذمت نہیں کی وہاں پر تمام پارٹیاں موجود تھی۔ انہوں نے کہاکہ یہ لوگ ذاتی مفادات کو بچانے کے لئے کسی سطح پر جاسکتے ہیں ، حکومت بھی احمد نورانی کے بیان پر ان سے وضاحت مانگے گی۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کے آئینی اداروں سے بڑا کوئی نہیں ، نوازشریف کی اداروں پر تنقید پر ان کے خلاف کارروائی کریں گے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ اپوزیشن دشمن کی زبان بول رہی ہے ان کے لئے عملی اقدامات ہونے چاہئیں ۔ ایک اور سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ اس ملک میں جو دشمنوں کے ایجنڈے کی پرچار کررہے ہیں اس حوالے سے میٹنگ کریں گے اور تمام شراکت داروں کے ساتھ مل کر حکمت عملی بنائیں گے۔ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہاکہ سی پیک قومی منصوبہ ہے ، کسی سیاسی جماعت سے منسوب نہیں کرنا چاہتے۔