نواز شریف،آصف زرداری اور مولانا فضل الرحمن کا ٹرائیکا ریاستی اداروں پر دھاوا بولنے کی تیاریوں میں مصروف ہے،عمر سرفرا ز چیمہ

86

اسلام آباد ۔ 9 اپریل (اے پی پی) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات عمر سرفرا ز چیمہ نے کہا ہے کہ نواز شریف،آصف زرداری اور مولانا فضل الرحمن کا ٹرائیکا ریاستی اداروں پر دھاوا بولنے کی تیاریوں میں مصروف ہے، شریفوں اور زرداریوں کے پاس عدالت کے سامنے اپنی صفائی کیلئے کہنے کو کچھ نہیں، مولانا فضل الرحمن انتخابات میں عبرتناک شکست کا بدلہ قوم اور ریاست سے لینا چاہتے ہیں، واضح کردینا چاہتے ہیں کہ ہر سازش کا منہ توڑ جواب دیں گے۔ منگل کو مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی اور جمعیت علمائے اسلام کے مابین بڑھتی ہوئی قربتوں پر اپنے ردعمل میں کہاکہ آصف زرداری اور مولانا فضل الرحمن سپریم کورٹ پر حملے کے نون لیگی تجربے سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں، پہلے بلاول اور اب مولانا فضل الرحمان اس حوالے سے نواز شریف سے مشورہ کرنے پہنچے ہیں۔ عمر چیمہ نے کہاکہ بلاول نواز شریف سے ملاقات کے بعد عدالت میں پیش ہوئے تو پیپلز پارٹی نے نیب عدالت، پولیس اور صحافیوں پر حملہ کردیا۔ نیب نے حمزہ شہباز کو گرفتار کرنے کی کوشش کی تو نیب ٹیم پر تشدد کیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ اب مولانافضل الرحمن نواز شریف سے ہدایات لینے پہنچے ہیں کہ اگلا حملہ کب اور کہاں کرنا ہے، قمر زمان کائرہ دھمکیاں دے رہے ہیں کہ پچھلی پیشی پر جو ہوا وہ ٹریلر تھا، آئندہ اس سے بھی بڑھ کر ہوگا۔ عمر چیمہ نے کہاکہ نواز شریف،آصف زرداری اور مولانا فضل الرحمن کا ٹرائیکا ریاستی اداروں پر دھاوا بولنے کی تیاریوں میں مصروف ہے، کسی کرپٹ اور شرپسند سیاسی شعبدے باز کو سازش کی اجازت نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہاکہ احتساب رکے گا نہ ہی کوئی فتنہ انگیزی برداشت کریں، ہر سیاسی حملے کا جواب دیں گے مگر اداروں پر یلغار کی کوشش گوارا نہیں کریں گے۔