سرگودھا۔ 19 جون (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر سرگودھا میں جدید طبی سہولیات سے آراستہ نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی قائم کیا جا رہا ہے، جہاں دل کے امراض کے علاج کے لئے بین الاقوامی معیار کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
ان خیالات کا اظہار گورنمنٹ ڈاکٹر فیصل مسعود ٹیچنگ ہسپتال سرگودھا کے ہارٹ سپیشلسٹ ڈاکٹر شعیب نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
ڈاکٹر شعیب نے کہا کہ ہسپتال میں آزمائشی بنیادوں پر مریضوں کا چیک اپ شروع کیا گیا ہے۔او پی ڈی رواں سال ماہِ ستمبر میں باقاعدہ طور پر فعال کر دی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ جدید طبی سہولیات سے آراستہ 177 بیڈ پر مشتمل یہ ہسپتال سرگودھا کی عوام کے لئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا تحفہ ہے. جس سے میانوالی، خوشاب اور سرگودھا کے علاوہ گردونواح کے دیگر اضلاع کے مریض بھی مستفید ہوں گے۔
قبل ازیں یہاں کے باسیوں کو دل کے امراض کے علاج کے لئے راولپنڈی یا لاہور یا فیصل آباد جیسے بڑے شہروں میں جانا پڑتا تھا.
انہوں نے کہا کہ نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں دل کے مریضوں کو اُن کی دہلیز پر تمام جدید طبی سہولیات میسر ہوں گی اورسرگودھا ریجن کے ایک کروڑ سے زائد لوگ اس سے مستفید ہوں گے.
ہسپتال میں جدید مشینوں کے ذریعےمریضوں کی ایکوگرافی، کارڈیو گرافی، ای سی جی اور دیگر ٹیسٹ کئے جا رہے ہیں اور مریضوں کی بڑی تعداد روزانہ کی بنیاد پر چیک اپ کے لئے ہسپتال کا رُخ کر رہی ہے۔
انہوں نے ہسپتال میں فراہم کردہ طبی سہولیات پراطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب کے اس اقدام کو سراہا ہے۔ یہ ہسپتال صر۔ف اینٹوں اور پتھروں کا مجموعہ نہیں بلکہ دل کے امراض میں مبتلاء مریضوں کے لئے اُمید کی کرن ہے۔