نواز شریف پاکستانی عوام کیساتھ ملکر ملک کو ترقی کی راہ پر ڈالیں گے،انتخابات ضرور ہوں گے، مریم اورنگزیب

177
نواز شریف پاکستانی عوام کیساتھ ملکر ملک کو ترقی کی راہ پر ڈالیں گے،انتخابات ضرور ہوں گے، مریم اورنگزیب
نواز شریف پاکستانی عوام کیساتھ ملکر ملک کو ترقی کی راہ پر ڈالیں گے،انتخابات ضرور ہوں گے، مریم اورنگزیب

لاہور۔6جنوری (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سیکرٹری اطلاعات و سابق وفاقی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے محمد نواز شریف پاکستانی عوام کیساتھ ملکر ملک کو ترقی کی راہ پر ڈالیں گے،انتخابات ضرور ہوں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ8 فروری کو الیکشن ہر صورت ہوں گے،

ووٹ ایک بار پھر اچھے دن واپس لانے کیلئے دیا جائے، قائد ن لیگ پہلے کی طرح مہنگائی کا خاتمہ کریں گے، نواز شریف پاکستانی عوام کیساتھ ملکر ملک کو ترقی کی راہ پر ڈالیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عدالتوں اور پارلیمنٹ سے بھاگنے والا لاڈلہ اب الیکشن سے بھاگنے کے بہانے کر رہا ہے، پاکستان کے عوام چاہتے ہیں کہ الیکشن مقررہ وقت پر ہوں،انتخابات ضرور ہوں گے اور الیکشن سے کسی کو بھاگنے نہیں دیں گے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ روزالیکشن کو آگے لے جانے کی ( ن) لیگ نے سینیٹ میں قرارداد کی مخالفت کی، یہ لوگ اندر چپ رہتے ہیں اور باہر نکل کر چیخیں مارتے ہیں، پی ٹی آئی والے الیکشن رکوانے کیلئے لاہور ہائیکورٹ تک گئے۔

سابق وفاقی وزیر نے کہاکہ ریاست 9 مئی والوں کے چہرے جانتی ہے،9 مئی کو شرپسندوں نے ریاستی اداروں، ہسپتالوں اور پولیس پر حملے کئے، 9 مئی والوں پر آرٹیکل6 لگنا چاہیے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ مسلم لیگ (ن )نے 2018 ء میں مشکل حالات میں الیکشن لڑا،بانی پی ٹی آئی نے آرٹیکل میں لکھا کہ میری پارٹی کو لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں مل رہی،اصل میں نوازشریف کو کبھی لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں ملی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام اب پی ٹی آئی کو ووٹ نہیں دیں گے ،

اس نے ملکی ترقی کو روکا ، عوام کو بیروزگار کر دیا، مہنگائی میں اضافہ اور ملک کو ڈیفالٹ کیا جبکہ شہباز شریف نے ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اسمبلیوں کے باہر ڈرامے کرنے والے نہیں ہیں، مسلم لیگ( ن) الیکشن کے لیے پوری طرح تیار ہے ،جلسوں کا اگلے ہفتے شیڈول طے ہو گا۔ 8 فروری کو پاکستان 9 مئی والوں سے بچ کر 28 مئی والوں کی قیادت میں جا رہا ہے۔