اسلام آباد ۔ 16 مئی (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے مواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعید نے کہا ہے کہ مجرم کو سیاسی رہنما بنا کر پیش کرنے کی جتنی کوشش بھی کر لی جائے، ناکامی ہی ملے گی، نواز شریف کی جیل جانے میِں عمران خان کا نہیں خود ان کا، ان کی اولاد اور پرویز رشید جیسے مشیروں کا کردار ہے۔ جمعرات کو پی ٹی آئی کے مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر نے پرویز رشید کے بیان کے رد عمل میں کہاکہ پرویز رشید صاحب روز اول سے کسی غلط فہمی کا شکار ہیں کہ قوم نواز شریف کی وارداتوں سے غافل ہے۔نواز شریف کی چوری اس وقت پکڑی گئی جب وہ خود مطلق العنان وزیراعظم تھے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف پر سارا مقدمہ خود مسلم لیگ کے دورِ اقتدار میں چلا۔ پرویز رشید کی منطق مان لی جائے تو نواز شریف کو بطور وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور بطور وزیراعلیٰ شہباز شریف نے جیل میں ڈالا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ڈان لیکس جیسی مکروہ وارداتوں کے موجد بتائیں عمران خان نے نواز شریف پر کون سا مقدمہ قائم کیا۔ پرویز رشید زحمت نہ کریں، شہبازشریف بیرون ملک جا چکے ہیں اور نواز شریف جانے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ دیگر شعبہ ہائے زندگی کی طرح سیاست کی تطہیر کا عمل بھی جاری ہے۔جھوٹ، مکاری، عیاری اور دھوکہ دہی کی بجائے قوم اصول، نظریے اور کردار کی سیاست چاہتی ہے۔