اسلام آباد۔23جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی ، ترقی و خصوصی اقدامات اسد عمر نے کہا ہے کہ نواز شریف کے بیرون ملک جانے کے حوالے سے میرے جواب کو گھماپھرا کر پیش کیا جا رہا ہے۔
اسد عمر نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ایک پروگرام میں بحث اس بات پر تھی کہ وزیراعظم فیصلے لیتے ہیں یا کوئی اور فیصلے مسلط کرتا ہے جس پر میں نے جواب دیا کہ وزیراعظم فیصلے کرتے ہیں، مجھ سے اس تناظر میں نواز شریف کے باہر جانے کے فیصلے کے بارے میں رائے لی گئی تھی۔
اسد عمر نے کہا کہ جیسا کہ میں نے ٹی وی پروگرام میں بتایا کہ پہلے مشاورت ہوئی اور بالآخر کابینہ میں فیصلہ ہوا اور کسی بیرونی طاقت نے ہم پر فیصلہ مسلط نہیں کیا،
انہوں نے کہا کہ اسی لیے میں نے کہا کہ وزیراعظم نے فیصلہ کیا، میری بھی اس میں رائے شامل تھی ۔ انہوں نے کہا کہ بعد ازاں یہ واضح ہوا کہ جن میڈیکل رپورٹس کی بنیاد پر فیصلہ لیا گیا وہ جھوٹی ثابت ہوئی ہیں۔