ڈھاکہ۔8اگست (اے پی پی):بنگلہ دیش کے نوبل انعام یافتہ ماہر معاشیات اور بینکار ڈاکٹر محمد یونس آج عبوری حکومت کے سربراہ کے طور پر حلف اٹھانے کے لئے پیرس سے وطن واپس روانہ ہو گئے۔انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق 84 سالہ محمد یونس علاج کے لئے فرانس کے دارالحکومت پیرس میں موجود تھے ۔
بنگلہ دیشی فوج کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹر محمد یونس کی قیادت میں عبوری حکومت آج(جمعرات کی) رات کو مقامی وقت کے مطابق 8 بجے حلف اٹھائے گی۔وطن واپس روانگی سے قبل پیرس کے چارلز ڈی گال ہوائی اڈے پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد یونس نے کہا کہ وہ بنگلہ دیش کی صورتحال سے آگاہ ہیں اور وطن واپس روانہ ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ ملک کو موجودہ صورتحال سے نکالنے کے لئے لائحہ عمل پر غور کر رہےہیں۔ رپورٹ کے مطابق بنگلہ دیش میں عوامی احتجاج کے نتیجہ میں اقتدار چھوڑ کر بھارت جانے والی سابق وزیر اعظم حسینہ واجد اور بھارتی حکومت میں ان کے خیر خواہ ان کے لئے کسی یورپی ملک میں سیاسی پناہ کے حصول کی کوششیں کر رہے ہیں۔