سرینگر ۔ 31دسمبر (اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں ضلع پلواما کے علاقے راج پورہ میں تلاشی اور محاصرے کی ایک کارروائی کے دوران چار نوجوانوں کے قتل کے خلاف پیر کو مسلسل تیسرے دن بھی مکمل ہڑتال کی گئی ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق تمام دکانیں اورتجارتی مراکز بند رہے جبکہ سڑکوں پر ٹریفک معطل رہی ۔ ضلع کے مختلف علاقوںکے لوگ سوگوار خاندان سے اظہار ہمدردی کیلئے شہید نوجوانوں کے گھر گئے ۔ بھارتی فوجیوںنے مزمل نبیل ڈار، وسیم اکرم وانی ، مزمل نذیر بٹ اور حارث کو ضلع میں راج پورہ کے علاقے حاجن پیاں(Hanjin payeen) تلاشی اور محاصرے کی ایک کارروائی کے دوران شہید کرد یا تھا۔